اسلام آباد۔23اگست (اے پی پی):وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہےکہ افغان طالبان نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ کسی کو بھی افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔پیر کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ افغان طالبان نے حکومت کو یقین دلایا ہےکہ تحریک طالبان پاکستان کو پاکستان کے خلاف افغانستان میں آپریشن کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ٹی ٹی پی کے کچھ ارکان جیسے مولوی فقیر محمد کو افغانستان میں رہا کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان اس معاملے پر افغان حکام سے رابطے میں ہے اور انہیں بتایا گیا ہے کہ یہ دہشت گرد پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہیں۔شیخ رشید نے کہا کہ افغانستان میں بدلتی ہوئی صورتحال کی وجہ سے پاکستان نمایاں طور پر اہم ہو گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں دیرپا امن خطے کے ساتھ ساتھ دنیا کے لئے بھی اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک مستحکم حکومت کے لئے افغانستان میں امن برقرار رکھنے کے لئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا کیونکہ پاکستان سمیت پورے خطے میں امن کے لئے افغانستان میں امن ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ افغان کرکٹ ٹیم کے ارکان کو ویزے جاری کرنے کے علاوہ حکومت نے افغانیوں سمیت 1،277 غیر ملکیوں کو امیگریشن کی سہولت فراہم کی ہے جبکہ 500 افراد ٹرانزٹ کے منتظر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ طورخم بارڈر کے ذریعے 874 افراد کو پاکستان میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی جبکہ چمن اور طورخم بارڈرز کو تجارت کے لئے کھول دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ابھی تک افغان مہاجرین کے بارے میں ایسا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا جبکہ صرف ان کو سہولت دی جا رہی ہے جو قانونی طور پر پاکستان میں داخل ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک ماہ کا ویزا سفارتکاروں یا بین الاقوامی اداروں کے نمائندوں جیسے ورلڈ بینک یا آئی ایم ایف کو ان کی پاکستان آمد پر جاری کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ نے میعاد ختم ہونے والے ویزا رکھنے والوں سے کہا ہے کہ وہ آن لائن ویزا کے لئے درخواست دیں۔شیخ رشید نے کہا کہ وزارت داخلہ بارڈر سیکورٹی کی اپنی ذمہ داری پوری کر رہی ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ وزارت نے 6 ڈرون اور 192 سیکورٹی کیمرے خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں سیکورٹی صورتحال کے لئے1122 سروس بھی شروع کی جا رہی ہے. انہوں نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے ماضی میں وفاقی دارالحکومت ان ضروری خدمات سےنظر انداز رہا۔ شیخ رشید نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر وزارت داخلہ میں ایک سہولت مرکز قائم کیا گیا ہے جبکہ شہریوں کی سہولت کے لئے ایک ہیلپ لائن بھی شروع کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چینی سفیر نونگ رونگ سے ملاقات کے دوران انہوں نے انہیں یقین دلایا کہ چینی شہریوں اور پاکستان میں کام کرنے والی کمپنیوں کو فول پروف سیکورٹی دی جائے گی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے کو کسی بیرونی سازش کا نشانہ نہیں بننے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات میں کوئی رکاوٹ نہیں بن سکتا۔ انہوں نے کہا کہ سٹاک ایکسچینج اور داسو ہائیڈرو پاور بس جیسے واقعات کے پیچھے مقاصد پاکستان کو معاشی طور پر غیر مستحکم کرنا تھا کیونکہ دشمن پاک چین دوستی کے خلاف ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ ایسے تمام واقعات کی تحقیقات جاری ہے۔ مجرموں کو گرفتار کیا گیا اور حکومت ان واقعات کے پیچھے تمام حقائق سے بخوبی آگاہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک چین تعاون بالخصوص چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے خلاف بین الاقوامی سازشیں ہو رہی ہیں۔











