اسلام آباد۔24اگست (اے پی پی):وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اگر افغانستان کے حالات بہتر ہو جائیں تو تمام ہمسایہ ممالک مستفید ہوں گے،چار ملکی دورے کا مقصد متفقہ علاقائی سوچ کو فروغ دینا ہے۔منگل کو چار ملکی دورے پر روانگی سے قبل اپنے ایک ویڈیو پیغام میں وزیر خارجہ نے کہا کہ آج کابینہ کا اجلاس تھا اور وزیر اعظم کے کہنے پر میں نے افغانستان کی تازہ صورتحال اور مختلف ملکوں کے وزراء خارجہ سے بات چیت کے حوالے سے کابینہ کو اعتماد میں لیا۔کابینہ کو آگاہ کیا وزیر اعظم کے کہنے پر چار ملکی دورے پر جا رہا ہوں،جو تمام افغانستان کے پڑوسی ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ میری چین کے اپنے ہم منصب سے بھی بات ہوئی ہے،ہمیں افغانستان کی صورتحال سے دلچسپی ہے،ہم وہاں امن واستحکام اور خوشحالی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں مشترکہ نوعیت کے چیلنجز درپیش ہیں،اس سلسلے میں ان ملکوں سے بات اور تبادلہ خیال اور پاکستان کا نقطہ نظر واضح کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر افغانستان کے حالات بہتر ہوں تو تمام چھ ہمسایہ ممالک مستفید ہوں گے، اگر حالات بگڑتے ہیں تو سب متاثر ہوں گے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ اس سلسلے میں متفقہ علاقائی سوچ کو اپنایا جائے۔











