مری، 31 اگست (اے پی پی):ملکہء کوہسار مری میں نیشنل انکیوبیشن سینٹر اور ٹیوٹا پنجاب کے باہمی اشتراک سے مری ڈویلپمنٹ فورم کے زیر اہتمام دو روزہ ورکشاپ کا اہتمام ہو گیا، ورکشاپ کا مقصد شرح خواندگی میں بہتری لانااور نئی نسل کا تعلیم کی طرف رجحان بڑھانے کا جدید طریقوں سے شعور وآگہی پیدا کرناتھا۔ اس دوروزہ ورکشاپ میں پچاس سے زاہد ٹیچرز اور کونسلرز نے شرکت کی جبکہ شرکاء کی بھی ایک کثیر تعداد موجود تھی۔
ورکشاپ کے مختلف سیشن میں ماہرین نےخصوصی طور پر ہر ایک بچے کو کیریئر کونسلنگ مہیا کی اور ہدف کے حصول کے لئے پیش رفت کرنا جیسے امور پر ٹریننگ دی۔ تاریخی حوالے سے یہ ورکشاپ ایک منفرد حیثیت رکھتی ہے جس میں مری میں معروف ملک ادارے لارنس کالج گھوڑا گلی اساتذہ اور اولڈ گیلین نے بھی شرکت کی۔
ورکشاپ کے اختتامی سیشن میں ماہرین نے اپنے لیکچرز میں اس امر پر زور دیکر کہا کہ کسی بھی معاشرے کی اصلاح اور ملک کی ترقی کا دارو مدار تعلیم کے ذریعے ہی سے ممکن ہے، موجودہ حالات میں ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت پرائیویٹ سیکٹر کے تعاون سے شرح خواندگی میں عملاً اضافہ کرے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم یافتہ اور ہنر مند نوجوان ہی اس ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں ۔