اسلام آباد۔31اگست (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پر امن اور مستحکم افغانستان پاکستان اور خطے کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے،افغانستان میں سکیورٹی صورتحال کی بہتری ،انسانی ضروریات اور اقتصادی استحکام کو یقینی بنانے کیلئے عالمی برادری کی جانب سے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت ہے۔ یہ باتیں انہوں نے پاکستان کے دورے پر آئے جرمن وزیر خارجہ ہائکو ماس سے بات چیت کرتے ہوئے کہیں جنہوں نے منگل کو وزیر اعظم ہائوس میں ان سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران افغانستان کی صورتحال اور پاک جرمن دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پر امن اور مستحکم افغانستان پاکستان اور خطے کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ افغانستان کی تاریخ کے ان اہم لمحات میں عالمی برادری کیلئے ضروری ہے کہ وہ افغان عوام کیساتھ یکجہتی اور تعاون کریں۔اس مقصد کے حصول کیلئے افغانستان کیساتھ پائیدار رابطوں کی ضرورت ہے۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان اور جرمنی کو علاقائی امن و استحکام سے متعلق مشترکہ مفادات کو فروغ دینے کیلئے مل کر کام کرنا چاہیئے۔جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے وزیر اعظم عمران خان کو جرمن چانسلر انجیلا مارکل کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور افغانستان میں صورتحال سے متعلق جرمنی کے نکتہ نظر سے آگاہ کیا۔ہائیکو ماس نے افغانستان سے جرمن شہریوں کے انخلا میں تعاون پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے رواں سال کے دوران پاکستان جرمن سفارتی تعلقات کی سترویں سالگرہ کے حوالے سے تقریبات کو بھی اجاگر کیا۔