اسلام آباد،3ستمبر (اے پی پی): وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان سےمتعلق پیش گوئیاں اور اندازے غلط ثابت ہوئے،میرا 16 اور 27 اگست کو برطانوی وزیر خارجہ کے ساتھ رابطہ ہواتھا،برطانوی وزیرخارجہ کو دورہ پاکستان پر خوش آمدید کہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی وزیر خارجہ سے افغانستان کی تازہ صورتحال سمیت دوطرفہ تعلقات پر بات ہوئی، افغانستان کو تنہا چھوڑا گیا تو خانہ جنگی جیسےبحران کےخطرات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں مربوط نظام حکومت کے حامی ہیں، افغانستان میں کوئی فریق پسندیدہ نہیں ہے، افغانستان میں عوامی حمایت پربننےوالی حکومت سے تعاون کریں گے، پاکستان اورافغانستان کےدرمیان تعلقات کو سمجھنےکی ضرورت ہے۔ انہوں نے برطانوی وزیرخارجہ کو بتایا کہ افغان معاملے پر کیسے آگے بڑھ سکتے ہیں،برطانیہ اورپاکستان کی خواہش ہے کہ افغانستان میں امن واستحکام آئے۔ انہوں نے فیٹف کے معاملے پر پاکستان کے مثبت اقدامات سے بھی برطانوی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا اور برطانوی وزیرخارجہ کو فیٹف پر پاکستانی اقدامات کی حمایت کیلئے کہا۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی وزیرخارجہ سے کشمیر کے معاملے پر بات ہوئی۔











