حیدرآباد، 05ستمبر (اےپی پی): ٹنڈو آدم میں سماجی برائیوں، منشیات فروشی، جوا آکڑا پرچی، چرس، آفیم، شراب اور پولیس گردی کے خلاف سندھ پاک تحریک کی جانب سے تحریک کے سربراہ شاہ جہاں جونیجو کی سربراہی میں ٹنڈو الہ یار روڈ سے ایم اے جناح روڈ تک احتجاجی مظاہرہ کرکے ریلی نکالی گئی، ریلی میں شریک ہزاروں طلباء اور شہریوں نے شرکت کی اور منشیات فروشی اور سماجی برائیوں کے خلاف سخت نعرہ بازی کی، ریلی میں شریک اسکولوں کے طلبہ و طالبات نے تقاریر بھی کیں۔
اس موقع پر سندھ پاک تحریک کے رہنما شاہ جہاں جونیجو، عبدالغفور کیریو، سرور ابڑو، نادر ڈیرو، انور چاکرانی اور دیگر نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس سماج میں منشیات فروشی کا گندہ کاروبار اور سماجی برائیاں روز بروز بڑھ رہی ہیں، ہماری نوجوان نسل تباہ ہوچکی ہے اور آنے والی نسلوں کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس وقت بھی باشعور لوگ سماجی برائیوں کو روکنے کے لیئے اپنے گھروں سے باہر نہیں نکلے تو آنے والی نسل ہمارے سامنے تباہ و برباد ہوجائیگی اور ہم کچھ بھی نہیں کرسکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایس ایس پی سانگھڑ، تمام تعلقوں کے ایس ایچ اوز اور پولیس اہلکار منشیات فروشوں، جسم فروشوں، جوا آکڑا پرچیوں کا کاروبار کرنے والوں سے کروڑوں روپے ماہانہ لیکر ہماری آنے والی نسلوں کا سودا کر رہے ہیں اور سماجی برائیوں کو پھیلانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں تعلیم کا نظام تباہ و برباد کیا جارہا ہے، معصوم بچوں کو منشیات کی طرف دھکیلا جارہا ہے اور پپلز پارٹی کی حکومت خاموش تماشائی بن کر منشیات فروشوں کا ساتھ دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کے ہم کافی عرصے سے ان برائیوں کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں مگر افسوس سندھ حکومت اور اس کے کارندوں کو ہماری آواز سننے میں نہیں آرہی ہے اور آج سندھ کا بچہ بچہ تباہی اور بربادی کے راستوں پر ہے۔ انہوں نے وزیراعظم، آرمی چیف اور چیف جسٹس پاکستان سے مطالبہ کیا کے خدارا سندھ کے مستقبل کو بچانے میں اپنا کردار ادا کریں، سندھ کی ہر آواز آپ کو پکار رہی ہے۔
بعد ازاں سندھ پاک تحریک کی جانب سے نکالی گئی ریلی میں سینکڑوں طلبہ و طالبات نے تپتی گرمی میں کھڑے ہوکر سماجی برائیوں کے خلاف سخت نعریبازی کی۔