کراچی۔7ستمبر (اے پی پی):پاک فضائیہ نے ملک بھر میں اپنے تمام ائیر بیسز اور تنصیبات پر 07 ستمبر یوم شہدا کے طور پر منایا۔ پاکستان ائیرفورس سے منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس دن کی مناسبت سے ائیر آفیسر کمانڈنگ، سدرن ائیر کمانڈ ائیر وائس مارشل زعیم افضل نے سربراہ پاک فضائیہ کی جانب سے کراچی میں پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید (نشانِ حیدر)کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ملک بھر میں پاک فضائیہ کے دیگر شہدا کی قبروں پر بھی اسی طرح کی تقاریب منعقد کی گئی۔ دن کا آغاز 1965 اور 1971 کی جنگوں کے شہدا اور ان تمام افراد کے لیے خصوصی دعاں اور قرآن خوانی سے کیا گیا جنہوں نے پاکستان کے معرض وجود میں آنے سے لے کر اب تک مادرِ وطن کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔