اسلام آباد،07ستمبر (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان نے آج (منگل کو )اسلام آباد ڈسٹرکٹ کورٹس کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھا، ڈسٹرکٹ کورٹس کی عمارت 93 کورٹس پر مشتمل ہوگی۔
اسلام آباد میں سائلین کو انصاف کی فراہمی کے لیے مارکیٹ ایریا کو عدالت بنایا ہوا ہے جہاں نہ تو جج صاحبان کے لیے کوئی سہولت ہے اور نہ ہی سائلین انصاف کے لیے، موجودہ سیٹ اپ میں سیکیورٹی کے خدشات ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر سی ڈی اے نے ڈسٹرکٹ کورٹس کی تعمیر کی ذمہ داری لی۔گذشتہ پی سی ون6.5 ارب روپے تھا۔ اب نہ صرف ڈیزائن کو بہتر کیا گیا ہے بلکہ تعمیراتی لاگت میں تقریبا ڈیڑھ ارب کمی لائی گئی ہے۔اس منصوبے کو جدید ٹیکنالوجی برؤے کار لاتے ہوئے چھ ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔چار دہائیوں کے بعد موجود حکومت کی جانب سے ایک بنیادی ضرورت کو پورا کیا جا رہا ہے۔اس کے ساتھ ساتھ سائلین اور وکلا کی سہولت کے لیے بھی علیحدہ انتظام کیا جا رہا ہے۔