وہاڑی، 10 ستمبر (اے پی پی ): کمشنر ملتان ڈویژن ڈاکٹر ارشاد احمد نے وہاڑی میں اپنے دورہ کے موقع پر اچانک دیہی مرکز صحت چک نمبر 56ڈبلیو بی کا دورہ کیااور وہاں پر دی جانے والی طبی سہولیات کی فراہمی کا بھی جائزہ لیا جبکہ مریضوں سے طبی سہولیات کی فراہمی بارے میں بھی دریافت کیا۔
کمشنر ملتان ڈویژن ڈاکٹر ارشاد احمد نے ڈاکٹرز اور سٹاف کی حاضری کو بھی چیک کیا اورادویات کے سٹور کا بھی جائزہ لیا ۔
اس کے علاوہ کمشنر نے ہسپتال کے ریکارڈ اور دیگر معاملات کا بھی جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی ہے، صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں جبکہ تمام ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف احسن انداز میں اپنی ذمہ داریاں پوری کریں، عوام کی خدمت کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
انہں نے مزید کہا کہ عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر وہاڑی محمد جعفر چوہدری بھی موجود تھے۔