لوگوں کو خواتین کے حقوق سے آگاہ کرنے کے لیے آگاہی مہم کے لیے علماء اور میڈیا اپنا کردار ادا کرے،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

15

اسلام آباد۔10ستمبر  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مجموعی اور مساوی معاشرے کی تشکیل کے لیے اسلام کے تصور کے مطابق خواتین کی جائیداد کے حقوق کے تحفظ اور فراہمی کے لیے اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ لوگوں کو خواتین کے حقوق سے آگاہ کرنے کے لیے آگاہی مہم کے لیے علماء اور میڈیا اپنا کردار ادا کرے، خواتین کو حقیقی طور پر بااختیار بنانے کے لیے مالی شمولیت انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ایوان صدر میں خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور عمر ایوب خان ، پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون و انصاف ڈویژن ملیکہ بخاری اور حکومت کے اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ خواتین کے املاک کے حقوق کے قانون 2020 کے نفاذ کا حوالہ دیتے ہوئے صدر نے قانون سازی کے اس اقدام کو خواتین کو ان کے حقوق دینے میں ایک مثبت قدم قرار دیا اور تمام صوبوں میں یکساں قوانین کی ضرورت پر زور دیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ انفورسمنٹ آف ویمن پراپرٹی رائٹس ایکٹ 2020 نے ایک مؤثر اور تیزی سے شکایت کے ازالے کا طریقہ کار پیش کیا ہے جس کے تحت کوئی بھی عورت جو جائیداد کی ملکیت یا اپنی جائیداد کے قبضے سے محروم ہے وہ محتسب کو اپیل دائر کر سکتی ہے۔ انہوں نے خواتین کی جائیداد کے مسائل کو حل کرنے کے لیے متبادل تنازعات کے حل کے طریقہ کار کو بروئے کار لانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ صدر مملکت نے خواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق منصوبوں کو سٹریم لائن کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کو حقیقی طور پر بااختیار بنانے کے لیے مالی شمولیت انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور انہیں احساس پروگرام اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ذریعے دستیاب قرضوں اور دیگر سہولیات کے بارے میں آگاہی دینے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر عمر ایوب خان نے صدر کو عالمی بینک ، ایشیائی ترقیاتی بینک اور مختلف ممالک کی جانب سے پاکستان کو خواتین کے لئے دیے جانے والے کثیر الجہتی اور دوطرفہ فنڈز اور قرضوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ صدر مملکت نے اس سلسلے میں بین الاقوامی اداروں اور ممالک کی جانب سے مالی معاونت کی تعریف کی۔