سکھر؛سندھ بھر میں اساتذہ کی خالی اسامیوں پر بھرتی کے لئے تحریری ٹیسٹ کا آغاز

32

سکھر،13ستمبر(اے پی پی): سندھ بھرمیں اساتذہ کی 46 ہزار خالی اسامیوں پر بھرتی کے لئے تحریری ٹیسٹ کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، صوبے کی 6 ڈویڑنوں میں قائم امتحانی مراکزمیں لاکھوں امیدوار پہنچے۔ سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

آئی بی اے سکھرکے جاری کردہ بیان کے مطابق انسٹیٹیوٹ آف بزنیس ایڈمنسٹریشن(آئی بی اے) سکھرنے شیڈول کے تحت پیر 13 ستمبر سے 46 ہزار5 سو 49 اساتذہ کی خالی اسامیوں پربھرتی کے لئے تحریری ٹیسٹ کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔

 ایس ٹی ایس کے ذریعے ٹیسٹ ( تحریری امتحان ) دو مراحل میں لیا جائے گا۔ تحریری ٹیسٹ کے لئے سکھر، حیدرآباد، لاڑکانہ،نوابشاہ، میرپورخاص اور کراچی میں امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ پیرکے روز ٹیسٹ کا پہلا دن تھا، لاکھوں کی تعداد میں بے روزگار نوجوانوں نے تحریری ٹیسٹ میں حصہ لیا۔ جونیئراسکول ٹیچرزکی 14 ہزار39 اسامیاں ہیں جبکہ پرائیمری اسکول ٹیچرز کی 32 ہزار 549 خالی اسامیاں ہیں جن پر بھرتی کے لئے تحریری ٹیسٹ کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے جو 26 ستمبر تک جاری رہے گا۔

 تحریری ٹیسٹ میں امدیواروں کو دی گئی جوابی کاپی پر امیدوارکی تصویراور ان کا نام لکھا ہوا ہے۔ آنسر (جوابی ) کاپی کے دو پیج ( کاغذ ) ہیں۔ جس میں سے ایک امیدوار کے لئے جبکہ ایک آئی بی اے میں جمع ہورہی ہے۔

ترجمان آئی بی اے کے مطابق ٹوٹل 4 لاکھ 98 ہزار 641 امیدواروں نے آن لائن درخواستیں جمع کرائیں، درخواستوں کی اسکروٹنی کے بعد 3 لاکھ 72 ہزار314 امیدواروں کو تحریری امتحان کے لئے اہل قرار دیا گیا ہے۔

 پہلے مرحلہ میں جونیئر اسکول ٹیچرز( جے ایس ٹی ) کے لئے 13ستمبر سے ٹیسٹ کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جو 17 ستمبر تک جاری رہے گا۔ دوسرے مرحلہ میں پرائمری اسکول ٹیچرز (پی ایس ٹی) کی بھرتی کے لئے ٹیسٹ کا عمل 20 ستمبر سے شروع ہوگا جو 26 ستمبر تک جاری رہے گا۔