اسلام آباد،14ستمبر (اے پی پی):وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ معیشت میں بہتری سے ریونیو بڑھ رہے ہیں، لوگوں کی آمدن بڑھانے کے لیے بہت جلد کامیاب پاکستان پروگرام شروع کر رہے ہیں ۔
منگل کو وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے فوڈ سکیورٹی جمشید اقبال چیمہ کے ہمراہ پریس کانفرنس میں وزیر خزانہ نے کہاکہ کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت ایک مکمل پیکیج لایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت آئی تو مجبوراً آئی ایم ایف پروگرام میں جانا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ پالیسی ریٹ 13.25 فیصد اور روپے کی قدر میں کمی ہوئی۔ روپے کی قدر میں کمی کی وجہ سے قرضوں میں اضافہ ہوا ہے۔ اب قرضے 39.9 ٹریلین روپے تک پہنچ چکے ہیں۔یہ قرضے 2018 میں 25.29 ٹریلین تھے۔ 4 سے 5 ارب ڈالر مالی ذخائر میں اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرض بلحاظ جی ڈی 2020 میں 85.7 ٹریلین تھا اور 2021 میں 81.8 ٹریلین ہوگیا، 2018 میں قرض بلحاظ جی ڈی پی 74 فیصد پر تھا۔انہوں نے کہا کہ معیشت جب وسعت پذیر ہوتی ہے تو قرضوں میں اضافہ ہوتا ہے، نجکاری کمیشن کے ذریعے بورڈ بنا رہے ہیں اور نقصان میں جانے والے10 اداروں کی نجکاری کی جائے گی۔