عالمی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں ہر ممکن سہولیات فراہم کررہے ہیں؛ وزیراعظم عمران خان کا پاکستان تاجک بزنس فورم سے خطاب

14

دوشنبے،16ستمبر  (اے پی پی):وزیراعظم عمران  خان نے پاکستان میں مختلف شعبوں میں کاروبار اور سرمایہ کاری  مواقع کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ  خطے کے ممالک بالخصوص تاجکستان کے سرمایہ کار ان مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں،  علاقائی اور  عالمی سرمایہ کاروں کو پاکستان کی حکومت ہر ممکنہ سہولیات فراہم کرے گی جس سے نہ صرف معیشت بلکہ عوام کو بھی فائدہ پہنچے گا۔

انہوں نے یہ بات جمعرات کو یہاں  پاکستان تاجکستان  بزنس فورم  سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر مشیر تجارت عبدالرزاق دائود بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔   دوطرفہ تجارت بڑھانے کے حوالے سے اہمیت کا حامل فورم وزارت تجارت، سرمایہ کاری بورڈ اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے تعاون سے منعقد ہوا۔ فورم میں 67 پاکستانی جبکہ 150 تاجک کمپنیاں شریک ہو ئیں۔ فورم میں شریک کمپنیوں کا تعلق ٹیکسٹائل، چمڑے کی صنعت، فارماسیوٹیکل، ایگریکلچر، مائننگ، ٹورازم، لاجسٹکس کے شعبے سے ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سے 67 مختلف کمپنیاں تاجکستان آئی ہیں۔  دونوں ممالک کے تاجروں کو سہولیات دینے سے متعلق اقدامات اٹھائے جائیں گے اور کاروبار میں آسانی پیدا کی جائے گی۔ تاجکستان میں  توانائی بالخصوص پن بجلی  کےحوالے سے بہت سے مواقع موجود ہیں۔   بدقسمتی سے پاکستان میں بجلی مہنگی ہے۔ ہم صاف ،سستی پن بجلی سے استفادہ کرنے کے خواہاں ہیں۔انہوں  نے کہا کہ  کاسا۔1000 منصوبے پر کام تیزہوناچاہیے،منصوبے کی جلد تکمیل چاہتے ہیں،  80 ملین ڈالر کی باہمی تجارت دونوں ممالک کی حقیقی صلاحیت سے بہت کم ہے ، حکومت کاروبار کے لئے مناسب سہولیات فراہم کررہی ہے اور اس سلسلہ میں رکاوٹوں کو دور کیاجائے گا اور کاروبار میں آسانیاں پیدا کی جائیں گی۔

  وزیراعظم نے کہا کہ دوطرفہ تجارت سے نہ صرف معیشت بلکہ عوام کو بھی فائدہ پہنچے گا۔ افغانستان کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے انہو ں نے کہاکہ 40 سال کی جنگ کے بعد امن قائم ہو ا ہے ۔ جامع حکومت کے قیام سے آپس میں  رابطے بڑھیں گے۔

بزنس فورم میں سوال و جواب کی نشست  بھی ہوئی جس میں  وزیراعظم عمران خان اور مشیر تجارت عبدالرزاق دائود نے  کاروباری شخصیات کے سوالات کے جوابات دیئے اور پاکستان اور خطے میں کاروباری مواقع کو اجاگر کیا ۔