اسلام آباد،17ستمبر (اے پی پی):قومی اسمبلی نے بزرگ کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانی کو جدوجہد آزادی کشمیر کا عظیم سپہ سالار قرار دیتے ہوئے ان کے انتقال پر تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور انہیں اپنی پوری زندگی مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے لئے وقف کرنے اور بھارتی ظلم و جبر کا مردانہ وار مقابلہ کرنے پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
جمعہ کو قومی اسمبلی میں وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے متفقہ قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام کا یہ نمائندہ ایوان جدوجہد آزادی کشمیر کے عظیم سپہ سالار سید علی گیلانی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتا ہے۔ 92 سال کی عمر میں وہ بھارتی قید میں انتقال کرگئے۔ اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے اور ان کے درجات بلند فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان کی جدوجہد آزادی کو سلام پیش کرتے ہیں، وہ تحریک آزادی کشمیر کے روح رواں تھے۔ انہوں نے اپنی ساری زندگی جدوجہد آزادی کے لئے وقف کر رکھی تھی۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے لئے جدوجہد میں گزاری اور بھارتی ظلم و ستم کا مقابلہ کیا۔ پوری قوم سید علی گیلانی کی بہادری اور جدوجہد آزادی کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایوان بھارت کی جانب سے سید علی گیلانی کی میت لواحقین سے زبردستی چھین کر لے جانے اور اسلامی طریقے سے ان کی تدفین نہ کرنے پر سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ بھارت کو اس کے اوچھے ہتھکنڈوں سے روکے اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کو ان کا حق خودارادیت دلانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ سید علی گیلانی کا یہ نعرہ ”ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا ہے” جدوجہد آزادی کا نعرہ بن گیا ہے جس پر ہم انہیں سلام عقیدت پیش کرتے ہیں۔ قومی اسمبلی نے قرارداد کی اتفاق رائے سے منظوری دے دی۔
اس کے بعد ایوان کی کارروائی کورم کی نشاندہی کے باعث کچھ دیر کے لیے معطل رہی۔ کچھ دیر بعد اجلاس دوبارہ شروع ہوا، سپیکر نے گنتی کا حکم دیا۔ ارکان کی مطلوبہ تعداد پوری نہ ہونے پر قومی اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی پیر کی شام پانچ بجے تک ملتوی کردی گئی۔