فیصل آباد،18ستمبر (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ پوری دنیا پاکستان میں کرکٹ کے ساتھ اظہار یک جہتی کررہی ہے، مریم نواز نے دورہ نیوزی لینڈ منسوخ ہونے پر طنزیہ ٹویٹ کرکے چھوٹی سوچ کا مظاہرہ کیا ہے اور ایک بار پھر یہ باور کرایا ہے کہ شریف خاندان کو پاکستان کے پاسپورٹ کی حرمت کا کوئی پاس نہیں۔
ہفتہ کی سہ پہر مدینہ مسجد سمن آباد فیصل آباد میں اخوت کی جانب سے غریب خاندانوں میں بلا سود قرضہ جات تقسیم کرنے کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کا اچانک دورہ منسوخ کرنا افسوسناک ہے حالانکہ ہم نے میچز کے حوالے سے فول پروف سکیورٹی فراہم کی جبکہ اس سے قبل کشمیر پریمیئر لیگ کے موقع پر بھی بھرپور سکیورٹی فراہم کی گئی تھی۔انہوں نے کہا کہ آج مسلم لیگ ن اوربعض دیگرسیاسی شخصیات کی جانب سے افسوسناک ٹویٹس کی گئیں اور بیانات میں پاکستان کے سبز پاسپورٹ کی عزت نہ ہونے کی بات کی گئی لیکن انہیں یہ بھی معلوم ہونا چاہیے کہ سبز پاسپورٹ کی عزت تب ہوتی ہے جب آپ لوٹ مار نہ کررہے ہوں اور منی لانڈرنگ کا پیسہ ملک سے باہر نہ لیکر جارہے ہوں اورلوگوں و قوم کا پیسہ لوٹ کر بیرون ملک فلیٹ نہ بنارہے ہوں اور جب آپ کا جینا مرنا پاکستان کے اندر ہو۔انہوں نے کہا کہ یہ مغرب زادے غلامانہ سوچ کے حامل ہیں جن کی پرچیاں گم ہوجایا کرتی تھیں یہ تو سر جھکا کر بات کرتے تھے اور آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرنے کی ان میں ہمت ہی نہیں ہوتی تھی مگراب یہ ہمیں سبز پاسپورٹ کی عزت پر لیکچر دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ بات واضح ہوچکی ہے کہ یہ لوگ کوئی موقع ایسا نہیں جانے دیتے جس سے بھارت کو خوشی نہ ہوسکے اور جس موقع پر بھارت دنیا میں پاکستان کا طنز نہ اڑا سکے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے جن لوگوں با لخصوص مسلم لیگ ن کی جانب سے جو بیانات اور ان کے لیڈران کی جانب سے جو ٹویٹس آئیں میں سمجھتا ہوں کہ انہوں نے چھوٹی سوچ کا ثبوت دیا ہے۔اس سے انہوں نے پاکستان کی کوئی خدمت نہیں کی اور یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے بھارت کو خوش کرنے کیلئے جب بمبئی حملے ہوئے تو سب سے پہلے نواز شریف نے کہا کہ اجمل قصاب پاکستان کا رہنے والا ہے نیز حملہ پٹھان کوٹ میں ہوتا ہے اور یہ ایف آئی آر گوجرانوالہ میں درج کروادیتے ہیں لہٰذایہ اس سوچ سے باہر نکلیں اور قومی سوچ اپنائیں۔