بہاولنگر میں انسداد پولیو مہم کا آغاز ، سہہ روز روزہ مہم کے دوران 5 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین پلائی جائے گی

29

  بہاولنگر،20ستمبر(اے پی پی): ضلع میں سہہ روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا ہے۔ اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں پولیو مہم کی افتتاحی تقریب منعقد کی گئی ڈپٹی کمشنر شفقت اللہ مشتاق، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اسفند یار ، ایم ایس ڈاکٹر چوہدری عثمان اسلم نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کاآغاز کیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر شفقت اللہ مشتاق نے بتایا کہ پولیو مہم 20 ستمبر سے 22 ستمبر تک جاری رہے گی،  23 اور 24 ستمبر کو کیچ اپ ایکٹیویٹی کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ پولیو مہم میں 1828 موبائل، 126 فکسڈ اور  81 ٹرانزٹ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، 5 لاکھ سے زائد 5 سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جانے کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بچوں کو پولیو ویکسین پلاتے وقت پولیو ورکرز کورونا ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کریں گے، پولیو ورکرز کی سیکیورٹی کے لئے مناسب انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ اپنے بچوں کے محفوظ مستقبل کےلئے انہیں پولیو قطرے لازمی پلوائیں ۔