خطے میں قیام امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے ؛ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا نیویارک میں کونسل آن فارن ریلیشنز سے خصوصی خطاب

13

نیو یارک،21ستمبر  (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے منگل کو اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 76ویں اجلاس کے موقع پر نیویارک میں کونسل آن فارن ریلیشنز  سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے  کہا ہے کہ   خطے میں قیام امن کیلئے  مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے منصب سنبھالنے کے فوراً بعد بھارت کو مذاکرات کی پیشکش کی۔ بھارت نے نہ صرف اس امن کی پیشکش کو ٹھکرایا بلکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں 5 اگست 2019 کو اپنے غیر قانونی اقدامات کے ذریعے پورے خطے کو غیر مستحکم بنا دیا،اس کے باوجود ، بھارت کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے میں ناکام رہا۔ سید علی شاہ گیلانی کے انتقال پر بھارت کی بوکھلاہٹ اور غیر انسانی روئیے نے ساری دنیا کے سامنے اسکی قلعی کھول دی۔

 شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے پرامن حل تلاش کرنے کے لیے پرعزم ہے لیکن یہ ذمہ داری بھارت پر ہے کہ وہ بامعنی اور نتیجہ خیز مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا کرے۔ ہمیں توقع ہے کہ عالمی برادری حق خود ارادیت اور آزادی کے نادر اصولوں کو کشمیر میں سیاست کی نذر نہیں ہونے دے گی ۔