اسلام آباد۔27ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمدنے کہا ہے کہ نادرا نے 75 لاکھ لوگوں کوکورونا ویکسین سرٹیفکیٹ جاری کئے، ویکسی نیشن کے جعلی سرٹیفیکیٹس کےمعاملے پر نادرا کا کوئی قصور نہیں ۔ انہو ں نے کہا کی بد قسمتی ہے کہ بعض عناصر کی طرف سے ملک کے شناختی کارڈز، ویکسی نیشن اور پاسپورٹ کو دنیا میں بدنام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آن ارائیول ویزے کی سہولت 50 ممالک سے بڑھا کر 65 کرنے جارہے ہیں، پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کی سکیورٹی کے لئے 15 مزید فیچرز لارہے ہیں، ای پاسپورٹ پر کام ہورہا ہے اور پاکستان خطے میں ای پاسپورٹ جاری کرنے والا پہلا ملک ہو گا۔ ایک افغانستان سے متعلق ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ اچھی بات ہے کہ پاکستان سے افغانستان جانے والوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔