لاہور،28 ستمبر(اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ مظفر گڑھ انڈسٹریل اسٹیٹ کو سپیشل اکنامک زون کا درجہ دیا جائے گا۔ یہ بات وزیر اعلٰیٰ نے معروف صنعتکارایوان صنعت وتجارت ملتان کے سابق صدر اور ڈیرہ غازی خان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدرخواجہ جلال الدین رومی سےملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں جنوبی پنجاب میں صنعت وتجارت کے فروغ،لنگر خانوں کاقیام اوردیگر فلاحی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا اورملتان میں نوجوانوں کے لئے قرض حسنہ سکیم شروع کرنے پر اتفاق بھی ہوا، لال الدین رومی فاؤنڈیشن ملتان میں نوجوانوں کو قرض حسنہ فراہم کرے گی اورملتان اورڈیرہ غازی خان میں عوامی مقامات پر مزید لنگر خانے قائم کئے جائیں گے۔
علاوہ ازیں خواجہ جلال الدین رومی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو سولر پاورواٹر فلٹریشن پلانٹس پراجیکٹس پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔
خواجہ جلال الدین رومی نے سمال انڈسٹریز کارپوریشن میں پلاٹ کی الاٹمنٹ شروع کرنے پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے صنعتکاروں کو کاروبار کے لئے مراعات اورمواقع فراہم کریں گےمظفر گڑھ انڈسٹریل اسٹیٹ کو سپیشل اکنامک زون کا درجہ دیا جائے گا جس سے جنوبی پنجاب بالخصوص ڈیرہ غازی خان اورملتان کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر ہوں گے۔ وزیراعلیٰ کا ملتان میں جلال الدین رومی فاؤنڈیشن کے تحت 11فلٹریشن پلانٹ کی بحالی پر اظہار مسرت، جلال الدین رومی فاؤنڈیشن ملتان میں عرصہ دراز سے بند11فلٹریشن پلانٹس کے انتظامات بھی کرے گی فاؤنڈیشن کے تحت ملتان اورڈیرہ غازی خان کے ہسپتالو ں میں مفت ادویات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔
خواجہ جلال الدین رومی نے کہا کہ صنعت و تجارت کے فروغ کے لئے بزدار حکومت کے اقدامات قابل تحسین ہیں اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کی سہولت کی خاطرملتان،راولپنڈی اور فیصل آبادمیں پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی کے سب آفسزقائم کئے گئے ہیں











