لاہور۔28ستمبر (اے پی پی ): صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیراینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اعلی سطح کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیراینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹراحمدجاویدقاضی،سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیرعمران سکندربلوچ،سپیشل سیکرٹری محمد اجمل بھٹی،ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹرآصف طفیل،ایڈیشنل سیکرٹری سٹاف عثمان خالد،چیف پلاننگ آفیسرعبدالحق بھٹی،ڈی جی نرسنگ،پروفیسرجاویدچوہدری ودیگرافسران نے شرکت کی۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے اجلاس کے دوران کمیونٹی مڈوائفری سکول کی عمارت کو نرسنگ سکول میں منتقلی کیلئے اقدامات اور ڈاکٹرزکی جدیدپیشہ وارانہ تربیت کیلئے مختلف ماڈلزکا جائزہ لیاسپیشل سیکرٹری محمد اجمل بھٹی نے وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکو ڈاکٹرزکی پیشہ وارانہ تربیت کیلئے مختلف ماڈلز بارے تفصیلی بریفنگ دی۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب بھرکے ڈاکٹرزکی پیشہ وارانہ صلاحتیوں میں اضافہ کیلئے جدیدتربیتی کورسزکروائے جائیں گے حال ہی میں صوبہ بھرکے مختلف سرکاری ہسپتالوں کے ڈاکٹرزکو انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ میں جدید تربیت کروائی گئی ہے۔آئندہ ڈاکٹرزکو ایم پی ڈی ڈی جیسے مختلف اداروں سے جدیدٹریننگ کورسزکروائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرزکیلئے فنانشل مینجمنٹ،ہیومن ریسارس مینجمنٹ،ایڈمنسٹریشن مینجمنٹ،ریسرچ پیپرز اور انفارمیشن ٹیکنالوجی بارے جدید کورسزڈیزائن کئے جارہے ہیں۔ ڈاکٹرز،نرسزاور پیرامیڈیکل سٹاف نے کوروناکے چاروں ادوارکے دوران بے مثال فرائض سرانجام دئیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق صحت کے نظام میں انتظامی اصلاحات کے ذریعے حقیقی تبدیلی کا خواب شرمندہ تعبیرکیاجاسکتاہے سپیشل سیکرٹری محمد اجمل بھٹی ڈاکٹرزکی جدید تربیت کے حوالہ سے فوکل پرسن ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ماضی کے کسی بھی حکمران نے پنجاب کی عوام کو صحت کے شعبہ میں ریلیف نہیں دیا . وزیراعلی پنجاب سردارعثمان بزدارکی ہدایت پر پنجاب کی عوام کو بہترطبی سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔











