بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہ دینا زیادتی ہے ، انتخابی اصلاحات پر اپوزیشن سے بات چیت کا خیر مقدم کرتے ہیں؛ چوہدری فواد حسین

23

اسلام آباد،28ستمبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہ دینا زیادتی ہے ، انتخابی اصلاحات پر اپوزیشن سے بات چیت کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حسب معمول وفاقی کابینہ کے اجلاس کے آغاز میں انٹرنیٹ ووٹنگ اور الیکٹرانک ووٹنگ مشینز کی موجودہ صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کبھی کسی حکومت نے اقتدار میں رہتے ہوئے انتخابی اصلاحات پر زور نہیں دیا، یہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ہے جو اقتدار میں رہتے ہوئے انتخابی اصلاحات پر آگے بڑھنا چاہتی ہے، ہم نے انتخابی اصلاحات کے لئے باقاعدہ مہم شروع کی۔

 وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پارلیمان کے اندر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان انتخابی اصلاحات پر بات چیت کا خیرمقدم کرتے ہیں، یہ بات چیت وقت ضائع کرنے کے لئے نہیں بلکہ معاملات کو آگے بڑھانے کے لئے ہونی چاہئے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے ڈاکٹر بابر اعوان اور علی محمد خان کو ہدایت کی ہے کہ وہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق دینے اور ای وی ایم کے دو معاملات اپوزیشن کے ساتھ زیر بحث لائیں۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق دینا اور ای وی ایم انتخابی اصلاحات کا لازمی حصہ ہوں گے۔

 چوہدری فواد حسین نے کہا کہ الیکشن سے متعلقہ 70 فیصد تنازعات نتائج میں تاخیر کی وجہ سے پیدا ہوتے ہیں، فلپائن میں 2007 میں جب ای وی ایم استعمال نہیں ہو رہی تھی تو انتخابات میں 300 ریٹرننگ افسران تنازعات کی وجہ سے مارے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ای وی ایم ایسے تنازعات کا قابل اعتماد حل فراہم کرتی ہے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پرائیویٹ کمپنی کی جانب سے 20 مشینیں منگوائی گئی ہیں، ان مشینوں پر الیکٹرانک ووٹنگ کا میکنزم دیکھا جا سکتا ہے۔