اسلام آباد،30ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک) پاکستان کی معاشی اور سماجی ترقی میں معاون ثابت ہوگا، سی پیک کے پہلے مرحلہ میں توانائی اور مواصلات کے شعبوں پر توجہ دی گئی، اب صنعت کو فروغ دیا جا رہا ہے اور زراعت کے شعبہ میں جدید ٹیکنالوجی متعارف کرائی جا رہی ہے، مٹیاری تا لاہور ٹرانسمیشن منصوبہ سے لائن لاسز کو چار فیصد تک کم کرنے میں مدد ملے گی جو پہلے 17 فیصد کے قریب تھے، ایک فیصد لائن لاسز کا مطلب اربوں روپے کا نقصان ہے جو بجلی کے صارفین کو برداشت کرنا پڑتا ہے، سی پیک پاکستان کے لیے بڑا اہم منصوبہ ہے، اس پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار وزیراعظم عمران خان نے جمعرات کو یہاں مٹیاری تا لاہور 660 کے وی ٹرانسمیشن لائن منصوبہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت پہلے بجلی کی پیداوار، پھر سڑکوں کی تعمیر اور اب بجلی کی ٹرانسمیشن پر توجہ دی جا رہی ہے ، لائن لاسز کی وجہ سے بجلی موجود ہونے کے باوجود صارفین تک سپلائی میں مشکل ہے جو باعث تکلیف ہے جس کا سبب ٹرانسمیشن کے مسائل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صنعت اور زراعت کے شعبوں میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے اپنی آمدنی بڑھا کر ملک کے قرضے کم کریں گے۔