اسلام آباد،30ستمبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ موجود حکومت پہلی ٹرانسپیرنٹ اور اکاونٹیبل حکومت ہے جو سخت سے سخت سوال کا بھی جواب دیتی ہے اور اپنی پرفارمنس بھی بتاتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو نیشنل یوتھ کونسل ورکشاپ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں پاکستان کا بیڑا غرق کیا گیاجس کے بارے میں زبان زد عام باتیں ہیں، تین دفعہ کے وزیراعظم کے بچے بیرون ملک اقامہ اور نیشنلٹی رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غضب کی بات ہے کہ ملک کا وزیراعظم ، وزیر خارجہ، وزیر دفاع اور وزیر خزانہ دوسرے ملک میں چپڑاسی اور چوکیدار ہوتا ہے، اقامہ اور آف شور کمپنیوں کیلئے وہ یہ سب کچھ کرتے ہیں، اگر کرپشن میں ملوث ٹاپ ٹین لیڈروں کے نام دیکھیں تو پتہ چلتا ہے کہ پاکستان کو لوٹنے والے کون تھے، کس نے مک مکا کیا۔
وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے ہمارے ملک کا بیڑا غرق کیا، نوجوانوں کو متحرک نہیں کیا، وہ ووٹ ڈالنے کیلئے بھی نہیں نکلتے تھے لیکن 2013 اور 2018 میں نوجوان باہر نکلے ، نوجوانوں نے ملک کو گالیاں دینے کی بجائے اس کا حصہ بن کر نظام تبدیل کرنے کا عزم کیا، گدی نشین پارٹیوں کے خلاف ووٹ دیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں نے وزیراعظم عمران خان اور پی ٹی آئی کو اس ایوان تک پہنچایا ہے، پہلی شفاف اور قابل احتساب حکومت وجود میں آئی ہے جو عوام کے سامنے جوابدہ ہے اور ہر سال عوام کو اپنی کارکردگی اور اہداف سے آگاہ کرتی ہے، 1947 اور 2018 کے نوجوانوں کو سلام ہے۔