کوروناکی وبا نے تمام دنیا میں رسد کو متاثر کیا اور یہ اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں بھی اضافے کا باعث بنی، وزیراعظم عمران خان کا ترک ٹی وی کو انٹرویو

17

اسلام آباد۔2اکتوبر  (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان  نے ہفتہ کو ترک ٹی وی ٹی آر ٹی  کو دیئے گئے  انٹرویو کے دوران کہا کہ کوروناکی وبا نے تمام دنیا میں رسد کو متاثر کیا اور یہ اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں بھی اضافے کا باعث بنی۔انہوں نے کہا کہ    بدقسمتی سے کورونا وبا نے دنیا بھر میں بڑے پیمانے پر رکاوٹیں پیدا کی ہیں، خاص طور پر ہمارے رابطوں کے ذرائع متاثر ہوئے ہیں۔ مجھے چین کا دورہ کرنا تھا اور صدر شی نے یہاں آنا تھا لیکن یہ سب متا ثر ہوا ہے۔ ایک اور سوال پر وزیراعظم نے کہا کہ اس وقت صرف پاکستان میں ہی نہیں بلکہ کورونا کی وبا نے دنیا بھر میں اشیا کی رسد کو متاثر کیا ہے۔ دنیا بھر میں اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے لیکن دوسرے ملکوں کے مقابلہ میں پاکستان اب بھی سستا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی ترقی پذیر ممالک کی طرح ترقی یافتہ ممالک بھی متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں غربت میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔ عالمی بحران کی وجہ سے اشیا کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پاکستان بھی متاثر ہوا ہے اور پاکستان میں ہونے والی مہنگائی درآمد کی جانے والی اشیا کی وجہ سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے 5  ماہ میں خوردنی تیل کی قیمتوں میں 80  فیصد اضافہ ہوا ہے، پاکستان خوردنی تیل درآمد کرتا اور بدقسمتی سے ہمیں گندم درآمد کرنا پڑی ہے، گندم کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، پام آئل جو پاکستان میں 70  فیصد استعمال ہوتا ہے وہ بھی درآمد کیا جاتا ہے اس کی قیمت بھی دوگنی ہوگئی ہے۔ ہماری افراط زر درآمد شدہ  اشیاء کے باعث ہے جس سے یقینناً لوگوں کیلئے مشکلات پیدا ہوتی ہیں لیکن یہ عارضی صورتحال ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ رسد کے مسائل کے خاتمہ سے صورتحال میں بہتری آئے گی۔