امریکی عوام افغانستان کی صورتحال سے مکمل طور پر بے خبر ہیں ، وزیراعظم عمران خان کا ترک ٹی وی کو انٹرویو

16

اسلام آباد۔2اکتوبر  (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان  نے ہفتہ کو ترک ٹی وی ٹی آر ٹی  کو دیئے گئے  انٹرویو کے دوران کہا کہ امریکی عوام افغانستان کی صورتحال سے مکمل طور پر بے خبر ہیں۔انہوں نے کہا کہ 2008ء میں امریکا کے دورہ کے دوران میں نے تھنک ٹینکس سے خطاب کیا۔ میں جوبائیڈن سے ملا جو اس وقت سینیٹر تھے اور جان کیری سے بھی ملاقات کی تھی۔ میں نے انہیں سمجھانے کی کوشش کی مگر مجھے احساس ہوا کہ انہیں کچھ خبر ہی نہ تھی اور امریکی عوام افغانستان کی صورتِ حال کے بارے میں مکمل طور پر بے خبر تھے۔ جس کی وجہ سے انہیں حیرت کا شدید جھٹکا لگا۔ ان کا خیال تھا کہ انہوں نے وہاں ایک جمہوری حکومت قائم کردی ہے۔ انہوں نے افغان عورتوں کو آزادی دلا دی ہے، امریکہ میں لوگوں کا یہ تصور تھا۔ افغانستان اصل میں کیسا ہے جو ان کے تصور میں بھی نہیں تھا، جب اچانک یہ سب کچھ ہوا تو ان سب کو حیرت کا شدید جھٹکا لگا۔ جس کا رد عمل آپ نے سینیٹ میں دیکھا ہے۔ وہ جس قسم کے سوالات کررہے تھے اس سے پتہ لگتا ہے کہ انہیں کچھ خبر نہیں تھی کہ افغانستان میں کیا ہو رہا تھا، وزیر اعظم نے کہا کہ یقین کریں پاکستان میں جن لوگوں کو افغانستان کی تاریخ سے آگہی تھی اور وہ جانتے تھے۔ 2010ء میں آرمی چیف جنرل کیانی صدر اوباما سے ملاقات کیلئے امریکا گئے تو انہوں نے بارک اوباما کو سمجھایا کہ افغانستان میں جنگی حل نہیں نکلے گا، اور ان کو بتایا کہ جیسے ہی آپ افغانستان سے نکلیں گے، افغان آرمی ہتھیار ڈال دے گی۔ جنرل کیانی نے انہیں بتایا کہ آپ وہاں گند چھوڑ کرنکل جائیں گے اور ہمیں پاکستان میں نتائج بھگتنا پڑیں گے۔ انہیں اس کی سمجھ ہی نہیں تھی۔