ایک کروڑ بیس لاکھ خاندانوں کے لیے ماہانہ کیش سبسڈی لا رہے ہیں ، کھانے پینے کی اشیاء پر کیش سبسڈی فراہم کی جائے گی؛ وزیر مملکت فرخ حبیب

9

فیصل آباد، 03 ستمبر (اے پی پی ): وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا  ہے کہ حکومت نے عوام کو معیاری وسستی اشیائے ضروریہ کی فراہمی کیلئے  ایک سال میں یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کو 24 ارب روپے کی سبسڈی دی ہے جبکہ1 کروڑ 24 لاکھ مستحق خاندانوں کو سستی اشیائے ضروریہ کی فراہمی کیلئے ٹارگٹڈ سبسڈی کے عمل کا آغاز کیا جا رہا ہے نیزکامیاب جوان پروگرام کے بعد کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت 5 لاکھ روپے کے بلاسود قرضوں کی فراہمی کے معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

اتوار کوعثمان گارڈن احمد آباد فیصل آباد میں یوٹیلیٹی سٹورکے افتتاح کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ حکومت کو عوام کے مسائل کا بخوبی علم ہے اسی لئے تمام شہریوں کو ہیلتھ کارڈ ز کی فراہمی کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے اور انشاللہ رواں سال دسمبر کے آخر تک پنجاب کے ہر گھرانے کو صحت سہولت کارڈ فراہم کردیا جا ئے گا جس سے وہ سالانہ10 لاکھ روپے تک اپنا اور اپنے اہلخانہ کا پسند کے ڈاکٹر سے پسند کے ہسپتال میں علاج کرواسکیں گے۔