فیصل آباد،3اکتوبر (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام کے بعد کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت 5 لاکھ روپے کے بلاسود قرضوں کی فراہمی کر رہی ہے جس کے معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
اتوار کوعثمان گارڈن احمد آباد فیصل آباد میں یوٹیلیٹی سٹورکے افتتاح کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہمارا علاقہ دوسرے علاقوں کی نسبت پسماندہ ہے اور یہاں محدود وسائل والے لوگ رہتے ہیں لہٰذا ہماری کوشش ہے کہ یہاں کے لوگوں کو تمام ممکن ریلیف دیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ یہاں نئے یوٹیلیٹی سٹور کا قیام اسی سلسلہ کی کڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ قبل ازیں بینک بڑی بڑی پارٹیوں، ملوں، فیکٹریوں اور صنعتکاروں و کاروباری افراد کو ہی قرضے دیتے تھے لیکن وزیراعظم عمران خان نے ملکی تاریخ میں پہلی بار بینکوں کو آمادہ کیا ہے کہ وہ عام افراد اور بے وسائل جوانوں کو بھی قرضے فراہم کریں۔
وزیر مملکت اطلاعات نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام موجودہ حکومت کا اہم کارنامہ ہے کیونکہ ہمارے ملک میں بہت بڑی تعداد میں ایسے نوجوان موجود ہیں جن کے پاس ہنر، صلاحیت اور اچھوتے کاروباری آئیڈیاز تو تھے مگر سرمایہ نہیں تھا لہٰذا حکومت نے انہیں قرضوں کی فراہمی کا سلسلہ شروع کیا تاکہ وہ اپنے کاروبار شروع کرکے ملازمتوں کیلئے دھکے کھانے کی بجائے خود دوسروں کو ملازمتیں فراہم کرنے کے قابل ہوسکیں۔