فیصل آباد،03اکتوبر(اے پی پی ):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ حکومت نے اپنے اخراجات کم کیے تا کہ وہ پیسہ عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ ہو۔
اتوار کی سہ پہرچک نمبر89 ج ب رتنا فیصل آباد میں مختلف ترقیاتی کاموں کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت آئی تو ہمیں ن لیگ دور میں لیا گیا ہر سال 11 ارب ڈالر کا قرض اتارنا پڑرہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جہاں اتنا قرض اتارنا ہو وہاں باقی ترقیاتی کام یقیناً متاثر ہوتے ہیں لیکن ہماری حکومت نے غیر ضروری اور ماضی جیسے شاہانہ اخراجات کم کئے اور مشکل صورتحال پر قابو پایا حتیٰ کہ صرف وزیراعظم ہاؤس کے اخراجات میں 108 کروڑ روپے کی بچت کی گئی۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ایسی گاڑی ملی جس کا نہ انجن ٹھیک تھا نہ اس کے ٹائر تھے نہ اس میں پٹرول تھا مگر پھر بھی ہم نے مشکل سفر میں گاڑی کو ٹھیک کرکے درست راستے پر گامزن کیا۔
انہوں نے کہا کہ جب جہاز رن وے پر کھڑا ہو اور اس نے ٹیک آف کرنا ہو تو انجن کا زور بھی زیادہ لگتا ہے ایندھن بھی زیادہ استعمال ہوتا ہے اور دھواں بھی اٹھتا ہے لیکن جب وہ فضا میں پہنچ جا ئے تو سب کچھ نارمل ہونے لگتا ہے اسی طرح حکومت کا جہاز بھی اب نارمل صورتحال پر آرہا ہے جس کے باعث عوام کو ریلیف دینے کا سلسلہ شروع کیا جا رہا ہے۔