اسلام آباد,4اکتوبر (اے پی پی):وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے افغانستان کے لیے آن لائن ویزہ کا اجراء کر دیا جائے گا، آئندہ منگل تک 8 ڈالر کی فیس کو ختم کرنے جا رہے ہیں، پرمٹ سہولت 2 سے 3 ہفتے تک صرف آن لائن ویزہ کے لیے ہوگی، 15 اگست سے اب تک 20 ہزار افغانی پاکستان آئے ہیں جبکہ 6 ہزار افغانستان گئے اور 10 ہزار افراد دوسرے ملکوں میں گئے ہیں جبکہ چمن بارڈر پر 16 ٹرمینلز کے ساتھ آئی بی ایم ایس شروع کر دی ہے، آن لائن کے بعد 3 ہفتوں کے اندر سسٹم ٹھیک ہو جائے گا، 3 ہفتے کے اندر پرمٹ کا مسئلہ ختم ہو جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ افغانستان کے حالات حساس ہیں، ہم وہاں بہتری چاہتے ہیں، وہاں پر آن لائن ویزہ بہتر سہولت ہے، دوہرے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کے حوالے سے 30 اکتوبر تک کی ڈیڈ لائن دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چمن بارڈر پر 5 مزید ٹرمینلز شامل کر رہے ہیں، سکردو اور دور دراز علاقوں میں شناختی کارڈ کی سہولت دے رہے ہیں، گوادر اور چمن بارڈر پر نادرا کی موبائل وینز کی سہولت فراہم کی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پنڈورہ پیپرز میں موجود تمام 700 افراد کے خلاف تحقیقات کی جائیں گی، وزیراعظم عمران خان کے بیان نے سب کے منہ بند کر دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی وجہ سے گزشتہ روز ہمارے چار جوانوں نے جام شہادت نوش کیا ہے، جو لوگ ہتھیار پھینکیں گے ان سے اور پاکستان کے آئین کو قبول کرنے والوں کے ساتھ بات چیت ہو سکتی ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ آج سیٹلائٹ ٹاؤن میں ایک نیا کالج دیا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ کسی بھی دن اس کالج کا افتتاح ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی کے پاس تھرڈ ملک کا ویزہ ہے تو ہمیں پوچھنے کی ضرورت نہیں، جس نے پاکستان آ کر قیام کرنا ہے اور تھرڈ کنٹری کا ویزہ نہیں تو آن لائن ویزہ لے، لوگ سٹکر لگانے کے پیسے لگاتے تھے، اب وزارت داخلہ میں کرپشن ختم ہو چکی ہے، اب تمام ویزہ آن لائن ہے اور گھر بیٹھے دیکھ سکتے ہیں۔