اوکاڑہ:اساتذہ قوم کے محسن اور ہمارا افتخار ہیں،اساتذہ کے عالمی دن کے حوالہ سے گورنمنٹ گرلز ماڈل ہائی سکول میں تقریب کا انعقاد

38

اوکاڑہ،05اکتوبر)اے پی پی) :تعلیمی نظام کی بہتری کے لیے اساتذہ کو معاشرے میں اعلی مقام دینا انتہائی ضروری ہے تعلیم دینا عبادت اور قومی فر یضہ ہے،اساتذہ قوم کے محسن اور ہمارا افتخار ہیں ان خیالات کا اظہار اساتذہ کے عالمی دن کے حوالہ سے گورنمنٹ گرلز ماڈل ہائی سکول کے ہال میں منتعدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اندریاس بھٹی اور مقررین نے کیا۔ تقریب میں ڈی ای او سکینڈری چوہدری محمد اکرام ، ڈائریکٹر ایڈمن پنجاب چوہدری محمد زبیر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلاننگ ایجوکشن شوکت علی ساقی ,اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایڈمن حاجی غلام دستگیر، ڈپٹی ڈی او مجاہد حسین ، ڈپٹی ڈی او محمد یوسف ، ڈی او لٹریسی ملک سلیم حیدر، پرنسپل سکول ہذا نصرت پروین ، سینئر اساتذہ مسز مجیبہ فضیلت ، مسز حمیرا حمید، مس نیر سلطانہ ، مس جمہ مقبول ، سماجی تنظیم ماڈا کے صدر محمد مظہررشید چودھری ، صدر ایپکا محمد رفیق مدنی ، ڈپٹی ڈائریکٹر این سی ایچ ڈی رانا محمد عباس و دیگر بھی موجود تھے  تقریب میں سینئر اساتذہ ، طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی مقررین کا کہنا تھا کہ اساتذہ کی تکریم کی بدولت ہی قومیں عروج حاصل کرتی ہیں استاد ایک طالب علم کو جو کچھ سکھاتا ہے اس کا اثر پوری قوم پر ہوتا ہے،اساتذہ کی عزت و تکریم کی بدولت ہی طالب علم معاشرے میں عزت و شہرت کی بلندی تک پہنچ سکتا ہےاساتذہ قوم کے محسن اور ہمارا افتخار ہیں آج کے دن ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ استاد کی عزت و تکریم کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔استاد ایک ایسی فورس کی تربیت جس کے عمل و کردار سے پورے معاشرے کی تشکیل ہوتی ہے انہوں نے کہا الحمداللہ ہم سب مسلمان ہیں دین اسلام میں استاد کو بری عزت و قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے نبی کریم کا فرمان ہے مجھے معلم بنا کر بھیجا گیا آج ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا ہو گا کہ استاد کے احترام کو یقینی بنائیں مقررین نے اپنے اساتذہ کو زبردست خراج تحسین پیش کیا تقریب کے اختتام پر اساتذہ کے عالمی دن کے حوالہ سے شجر کاری کرتے ہوئے اساتذہ اور مہمانان نے پودے لگائے