کوئٹہ،7اکتوبر (اے پی پی): بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں زلزلے سے زخمی ہونے والوں کی علاج کے لئے کوئٹہ منتقلی شروع ہو گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر ہرنائی سہیل انور ہاشمی نے” اے پی پی“ کو بتایا کہ زلزلے کے باعث مکانات منہدم ہونے اور چھتیں گرنے سے 20افراد جاں بحق جبکہ 200سے زائد زخمی ہوگئے،صوبائی حکومت کی درخواست پر پاک آرمی کے جوان اور فرنٹیئرکوربلوچستان نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد بذریعہ ہیلی کاپٹر کوئٹہ منتقل کرنا شروع کردیا ہے،زلزلے کے بعد کوئٹہ ،ہرنائی اوراردگرد اضلاع کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے ۔
ڈپٹی کمشنر ہرنائی نے بتایا کہ ہرنائی میں کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ ملبے تلے کئی افراد دب گئے ہیں اور علاقے میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق لیویز اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں فرنٹیئرکور بلوچستان کے ارکان بھی زخمیوں کوطبی امداد کے بعد ہیلی کاپٹر کے ذریعے مزید علاج کے لیے کوئٹہ منتقل کررہے ہیں ،زلزلے میں جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں امدادی سرگرمیوں کی ازخود نگرانی کر رہے ہیں،لیویز ،پولیس اور ایف سی کی جانب سے امدادی کارروائیاں بھی تیزی سے جاری ہیں ۔
ڈپٹی کمشنر کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق مکانات کی خستہ حالی اور زلزلہ سے احتیاطی تدابیر کے طور پرضلع میں تمام سرکاری اور پرائیوٹ سکول بند کردئیے گئے ہیں۔