اسلام آباد۔7اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے جمعرات کو پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے پارٹی تنظیم سازی کے حوالے سے رپورٹ طلب کی ہے۔ تنظیم سازی کے حوالے سے ہم نے حکمت عملی تیار کرلی ہے، مقامی حکومتوں کے انتخابات بھی قریب آ رہے ہیں اور ضروری ہے کہ مقامی حکومتوں کے انتخابات سے پہلے پی ٹی آئی کی تنظیم سازی مکمل ہو۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نیب آرڈیننس پر جو تنقید کر رہے ہیں ان کی اکثر ترامیم اسی آرڈیننس کا حصہ ہیں۔ ٹرائل کورٹس کو ضمانت کا حق دینے، ٹیکس کے کیسز کو نیب کی دسترس سے ہٹانے اور نیب کے عدالتی نظام کو تبدیل اور مضبوط کرنے پر سب کا اتفاق تھا، ہم اس میں ٹیکنالوجی لائے ہیں، اب اس کے بعد بھی کسی کو اعتراض ہے تو وہ پارلیمنٹ میں لے آئے، پی ٹی آئی اس نیب آرڈیننس کے پیچھے کھڑی ہے۔