ہم خواتین کو بااختیار بنا رہے ہیں؛ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا دبئی میں سرمایہ کار کانفرنس سے خطاب

16

دبئی،9اکتوبر  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے    ہفتہ کو  یہاں  سپیشل ٹیکنالوجی زون اتھارٹی کے زیر اہتمام سرمایہ کار کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے  کہا ہے کہ ہم خواتین کو بااختیار بنا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ  حکومت آئی ٹی کے شعبہ کو ترقی دینے اور مضبوط بنانے کیلئے کوشاں ہے تاکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ” فورتھ ریولوشن” کے چیلنجز سے نمٹا جا سکے ۔ صدر مملکت نے حکومت کی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کوششوں کی وجہ سے گذشتہ سال انفارمیشن ٹیکنالوی برآمدات 50فیصد سے زیادہ رہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان 20کروڑ آبادی کا حامل ملک ہے جس کی آبادی کا ایک بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے ۔ انہوں نے ابھرتے ہوئے شعبوں میں شاندار کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ۔

 صدر مملکت نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی حکومت اس حقیقت سے آگاہ ہے کہ کاروبار میں آسانیوں سے پاکستان میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہوگی۔ سپیشل ٹیکنالوجی زون اتھارٹی کے تحت آئی ٹی کے شعبہ میں بہتری کیلئے ون ونڈ آپریشن کے ذریعے قانون سازی ایک اہم قدم ہے۔ اس سے انفارمیشن ٹیکنالوجی فورتھ ریولوشن کے چیلنجز سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔

 ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ حکومت فریقین کے ساتھ ملکر کام کر رہی ہے اور غیر ملکیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کیلئے شانداری پالیسیاں بنا رہی ہے۔اس موقع پر صدر مملکت نے ٹیکنالوجی اور ڈیٹا بیس پر خصوصی توجہ مرکوز کر تے ہوئے انسانی ترقی کی اہمیت پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کا شعبہ پھل پھول رہا ہے جس سے معاشی ترقی ہوگی۔