لاہور، 12 اکتوبر(اے پی پی):این سی او سی کی ہدایت پر کمشنر لاہور ڈویژن کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان اور ڈپٹی کمشنر عمر شیر چٹھہ کی زیر نگرانی کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے اور غیر ویکسین شدہ افراد کے خلاف بھرپور کارروائی جاری ہے۔
کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کروانے کے حوالے سے کی جانے والی کاروائیوں کے سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر کینٹ ذیشان نصر اللہ رانجھا ہمہ وقت فیلڈ میں موجود ہیں۔ انہوں نے 07 دکانوں کو جموں سٹاپ بیدیاں روڈ پر سیل کیا۔ اشرف ورلڈ ووڈ، موسیٰ ٹریڈرز، حاجی نذیر بلڈنگ مٹیریل، پاک ٹمبر، اجمیر ماربل فیکٹری، اعظم ڈورز اور ڈیفنس ڈور لاکس کو بھی سیل کر دیا۔
ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ نے کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے حوالے سے کی جانے والی کارروائیوں کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ ہر حال میں کورونا وبا سے شہریوں کی جان و صحت کو محفوظ بنانے کا عزم رکھتی ہے اور اس کے لئے ہر ممکنہ کاوش بروئے کار لا رہی ہے۔