فیصل آباد،16اکتوبر (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے ہفتہ کو یہاں گورنمنٹ ماڈل ایم سی گرلز ہائر سیکنڈری سکول سمن آباد میں میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ حکومت اگلے ماہ نومبر میں راشن کارڈ کی طرز پر 1 کروڑ20 لاکھ غریب خاندانوں کو احساس کارڈ جاری کررہی ہے جس پر وہ آٹے، چینی، دالوں اور گھی پر براہ راست سبسڈی حاصل کرسکیں گے۔انہوں نے کہا کہ کسانوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے تیز رفتاری سے کسان کارڈز کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے تاکہ وہ براہ راست سبسڈی حاصل کرکے غذائی اجناس کی پیداوار میں اضافہ اور اپنی زرعی ضروریات کو پورا کرسکیں۔
انہوں نے کہا کہ اگلے ماہ نومبر سے پنجاب کے ہر گھرانے کو ہیلتھ کارڈ کی فراہمی کا سلسلہ بھی شروع کیا جا رہا ہے جس سے ہر گھرانہ سالانہ 10 لاکھ روپے تک اپنی پسند کے ڈاکٹر اور اپنی پسند کے ہسپتال سے اپنا اور اپنے اہل خانہ کا علاج کرواسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات سے پیداوار میں اضافہ ہوا ہے جبکہ لارج سکیل مینوفیکچرنگ بھی 12 فیصد تک بڑھ گئی ہے اسی طرح کنسٹرکشن سیکٹر میں 1000 ارب روپے سے زائد کی سرمایہ کاری سے بڑی تعداد میں متعلقہ شعبہ جات کا کا م چلا اور 8 لاکھ نئی ملازمتوں کے مواقع بھی پیدا ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل کی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ کا رجحان جاری ہے نیز کاٹن کراپ 6 ملین گانٹھوں سے بڑھ کر 9 ملین گانٹھ ہوگئی ہے جس میں اگلے سالوں میں مزید اضافہ ہوگا۔