لاہور،20 اکتوبر(اے پی پی): وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف لینگویج، آرٹس اینڈ کلچر میں قائم ایف ایم 95 پنجاب رنگ ریڈیو کا دورہ کیا ہے ،وزیراعلیٰ نے ایف ایم95 پنجاب رنگ ریڈیوکے مختلف شعبے دیکھے اور ایف ایم 95 پنجاب رنگ ریڈیو پر سامعین سے لائیو کالزپر گفتگو بھی کی۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سامعین سے ہلکے پھلکے انداز میں گفتگو کی اور پنجاب کی ثقافت، شعر و شاعری اور موسیقی پر بات چیت بھی کی۔سامعین نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے پسندیدہ شعر سنانے کی فرمائش کی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ زمانہ طالب علمی میں شاعری سے شغف رہا اور بہت کچھ پڑھا، اب سرکاری مصروفیت کی وجہ سے شعر و شاعری کے مطالعہ کیلئے فرصت نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ ایف ایم 95 پنجاب رنگ ریڈیو کے بعد نان کمرشل ٹی وی نشریات کا بھی جلد آغاز کیا جائے گا،اس ضمن میں ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
سامعین نے کہا کہ پنجاب میں آپ پہلے وزیراعلیٰ ہیں جنہوں نے حقیقی عوامی انداز اپنایا، آپ کے پنجاب کی سماجی و ثقافتی سرگرمیوں کی بحالی اور فروغ کیلئے اقدامات قابل تحسین ہیں۔