اٹک،20اکتوبر (اے پی پی): صوبائی وزیرمال ملک محمد انور نے کہا ہے کہ یہ ہماری خوش بختی ہے کہ ہم آنحضرت محمدمصطفیؐ کے امتی ہیں، اللہ تعالیٰ نے آپؐ کو تمام جہانوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجا۔ آج ہمیں آقا ؐ کی تعلیمات پر پوری طرح عمل پیرا ہونے کے عزم کا اعادہ کرنا ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ جیل اٹک میں عید میلاد النبی صلى الله عليه واله وسلم کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوۓ کیا۔ملک محمد انور نے کہا کہ نبی اکرم ؐ کی محبت کا تقاضا ہے کہ ہم اپنے تمام اختلافات کو مفاہمتی حکمت عملی کے تحت حل کر یں اور امن کی فضا کو عام کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں موجودہ صورتحال سے نبردآزما ہونے کیلئے آپؐ کے نقش قدم پر چلنا ہوگا۔حضور ؐ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر ملک کو ترقی یافتہ اورامن و سلامتی کا گہوار ہ بنایا جاسکتا ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ اسلام نے دنیا کوہم آہنگی، صبروبرداشت،احترام انسانیت اورافہام وتفہیم کا درس دیا ہے اور یہ اصول عالمی امن کی بنیاد ہیں۔انہوں نے کہا کہ حضور ؐ نے ہمیشہ عفو و درگزر اورمفاہمت سے کام لیااور رواداری وبرداشت کا درس دیا۔آنحضرت ؐ کے احکامات پر عمل کر کے اس دنیا اور آخرت میں ہم حقیقی کامیابی سے ہمکنار ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیغمبر اکرم ؐ کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگیوں میں شامل کرکے ایک مثالی معاشرے کا قیام عمل میں لایا جا سکتا ہے۔
تقریب سے ڈپٹی کمشنر اٹک عمران حامد شیخ،سپریٹنڈنٹ جیل فرخ رشید اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور گلہاۓ عقیدت پیش کرنے والے حضرات میں انعامات تقسیم کیے۔











