اسلام آباد،1نومبر (اے پی پی):پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے زیر اہتمام چیف آف آرمی سٹاف جی ون تائیکوانڈو چیمپیئن شپ 6 نومبر سے لیاقت جمنازیم، پاکستان سپورٹس کمپلیکس، اسلام آباد میں شروع ہوگی۔
ان خیالات اظہار پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے صدر کرنل (ر)وسیم احمد جنجوعہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل مرتضی حسن اور خواتین ونگ کی صدر صباء شمیم جدون بھی موجود تھی۔ انہوں نے کہا کہ 375 ملکی مرد اور خواتین کھلاڑی جبکہ 75 غیرملکی مرد اور خواتین کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ جن میں پاکستان، افغانستان، البانیہ، نیپال، اردن، قازقستان، عمان، مصر، ایران، ترکی، ماراکو، یو اے ای وغیرہ شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ایونٹ سپانسر کے بغیر ہونا نا ممکن ہے اور ہم تمام سپانسر کے مشکور ہیں جو ہماری مدد کررہے ہیں۔
وسیم جنجوعہ نے کہا کہ ایونٹ کی افتتاحی تقریب رنگا رنگ ہوگی۔ افتتاحی تقریب کی مہمان خصوصی وفاقی وزیر بین الصوبائی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا ہونگی۔ صبا جدون نے کہاکہ ایونٹ میں سو سے زائد پاکستانی خواتین حصہ لے رہی ہیں اور امید ہے ایونٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گی۔