کھیل طلباء و طالبات کی شخصیت میں توازن اور نکھار پیدا کرتا ہے: ڈپٹی کمشنر

21

مظفرگڑھ یکم نومبر(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے کہا ہے کہ کھیل طلباء و طالبات کی شخصیت میں توازن اور نکھار پیدا کرتا ہے۔نصابی اور غیر نصابی سر گرمیاں نوجوان کی صلاحیتوں کو اجا گر کر نے کا ایک بہتر پلیٹ فارم ہے یہ بات انہوں نے گورنمنٹ سنٹر آف ایکسی لینس سکول میں گرلز سپورٹس گالا کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کہی اس موقع پر پرنسپل سنٹر آف ایکسی لینس بوائزما جد کامران، پرنسپل سنٹر آف ایکسی لینس گرلز رفعت شاہین،ڈپٹی فنانس منیجر سپورٹس گالا عمر فیاض،پرنسپل سردار کوڑے خان سکول طاہر بشیر اور سول سوسائٹی سے ام کلثوم سیال بھی موجود تھیں۔ڈپٹی کمشنرنے کہا کہ کھیل بھی تعلیم کا حصہ ہے جو طلباء و طالبات کو ہار اور جیت کا سبق دیتا ہے۔طلباء و طالبات میں جنون،عاجزی اور وقار پیدا کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ کھیل ہی سکھاتا ہے کہ جب زندگی میں کامیابی نہیں ملتی تو کس طرح سنبھلنا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے پرنسپل گرلز سکول کے مطالبے پر کھیل کے میدان کی مرمت اور فراہمی کیلئے وعدہ کیا۔تقریب سے پرنسپل سنٹر آف ایکسی لینس گرلز ہائی سکول رفعت شاہین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحت مند معاشرے کی تشکیل کیلئے ضروری ہے کہ تعلیم و تربیت کے ساتھ کھیل کے میدانوں کو بھی آباد کیا جائے کھیل کے میدان طلباء و طالبات میں جذبہ پیدا کر تے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم امید کر تے ہیں کہ تمام ٹیمیں محنت سے کھیلیں گی اور سپورٹس گالا کو کامیاب بنائیں گی۔قبل ازیں سپورٹس گالا میں شرکت کرنے والی ٹیموں نے مارچ پاسٹ کیا۔ڈی جی خان کی کھلاڑیوں کی قیادت سفینہ زہرا،سیالکوٹ کی کھلاڑیو ں کی قیادت طوبیٰ ریاض،روجھان کی کھلاڑیو ں کی قیادت ہیرا زاہد،حافظ آباد کی کھلاڑیوں کی قیادت عربرا متیاز جبکہ مظفرگڑھ کی کھلاڑیوں کی قیادت فضا سجاد نے کی۔افتتاحی تقریب میں طالبات نے ملی نغمے اور ٹیبلو بھی پیش کئے جبکہ ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے کر کٹ گیند کھیل کر سپورٹس گالا کا افتتاح کیا جس پر انہوں نے چھکا لگا یا اس موقع پر گورنمنٹ سنٹر آف ایکسی لینس گرلز ہائی سکول کی اساتذہ اور طلباء کی کثیر تعداد موجود تھی۔