اسلام آباد۔5نومبر (اے پی پی): پاکستانی ثقافت وتہذیب کے آئینہ دار ”لوک میلے“ کے چھٹے روز بھی رنگارنگ ثقافتی پروگرام پیش کئے گئے۔ ہفتہ وار چھٹی کے باعث آج میلہ دیکھنے کیلئے لوگ کثیرتعداد میں آئیں گے۔شکر پڑیاں کے پُر فضاء مقام پر ہونے والے اس قومی ثقافتی میلہ میں داخل ہوتے ہی یوں محسوس ہوتا ہے کہ ہم ایک چھوٹے سے پاکستان میں داخل ہوگئے ہیں جہاں ایک جگہ پر تمام صوبوں کوثقافت کے رنگ نمایاں طور پر جھلکتے نظرآتے ہیں۔ لوک میلہ میں شریک کشمیر پویلیزبھی نمایاں پوزیشن کا حامل ہے جس میں کشمیر کی نفیس دیدہ زیب دستکاریوں نے لوگوں کو مبہوت کیا ہوا ہے۔ نمدہ، گبہ،شال بافی،روایتی جیولری اور پیپر ماشی جیسی دستکاریاں کشمیریوں کی پہچان ہیں۔کشمیرپویلین میں مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت اور ظلم وستم کو بھی اُجاگر کیا گیاہے۔ اسلام آباد راولپنڈی کے جڑواں شہروں کے رہنے والے ہفتہ وار چھٹیوں میں اپنی اپنی فیملیز کے ہمراہ میلہ دیکھنے آتے ہیں جس کی وجہ سے لوک میلہ میں معمول سے زیادہ رش ہوجاتا ہے۔لوک میلہ کو جہاں پاکستانی مرد وخواتیں اورسکول و کالجز اور یونیورسٹیوں کے طلباء کی کثیر تعداد دیکھنے آتی ہے، وہاں کئی غیرملکی خاص طور پر اعلیٰ سفارت کاربھی بڑے شوق سے میلہ وزٹ کرتے ہیں اور پاکستانی دستکاریوں میں بڑی دلچسپی لیتے ہیں۔گزشتہ روز صوبہ سندھ کے لوک فنکاروں کی میوزیکل نائٹ منعقد کی گئی جس میں سندھی لوک فنکاروں نے اپنے فن کا بھرپور مظاہرہ کیا۔