پشین: 08 نومبر (اے پی پی ): ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پشین وسیم خان جوگیزئی نے کہا ہے کہ خسرہ اور روبیلا سے بچاو اور تدارک کیلئے ہمیں اپنے تمام 15 سال تک کے بچوں کی ویکسینیشن کرکے اس موذیب اور متعدی مرض کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر پشین ڈاکٹر کامران کاسی اور محکمہ صحت کے دیگر حکام کے ہمراہ پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر عبدالواسیع کاکڑ، ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر عبدالغفار کاکڑ، بی آر ایس پی کے سردار اکبر ترین، ڈاکٹر صفدر زرکون اور دیگر آفیسران بھی موجود تھے، اے ڈی سی وسیم خان جوگیزئی نے کہا کہ خسرہ۔روبیلا جو کہ دنیا کی سب سے زیادہ متعدی بیماریوں میں سے ایک ہے ،پاکستان میں حالیہ برسوں خسرہ۔روبیلا کے ہزاروں کیسز اور سینکڑوں ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں گزشتہ سال پاکستان میں اس بیماری کے باعث اب تک ایک لاکھ چالیس ہزار جانیں لے چکا ہے اس کے علاوہ اس بیماری سے ہمارے ملک کی ہزاروں آبادی بالخصوص خواتین متاثر ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے ماہرین کے مطابق اگر بچوں کو ان کے خلاف ویکسین نہیں دی گئی تو وہ موت ، اندھے پن ، نمونیا اور دماغ کے انفیکشن اور دیگر مستقل معذوری کا باعث بن سکتے ہیں۔ اس سلسلے میں 15 نومبر سے 27 نومبر تک ملک بھر میں دنیا کی سب سے بڑی انسداد خسرہ و روبیلا مہم چلائی جائے گی۔