سعودی عرب عنقریب پاکستان کو اعلان کردہ مالی معاونت کی فراہمی کر دے گا: سعودی سفیر کا ”اے پی پی” کو ایک خصوصی انٹرویو

15

اسلام آباد،11نومبر  (اے پی پی):پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا ہے کہ سعودی عرب پاکستان کو رائل کورٹ سے منظوری اور مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخطوں کے بعد اعلان کردہ مالی معاونت کی جلد فراہمی کر دے گا، سعودی عرب پاکستان کو ایک عزیز اور برادر ملک سمجھتا ہے، پاکستان کا مستقبل نہایت تابناک ہے، مستقبل میں پاک۔سعودیہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

 انہوں نے یہ بات جمعرات کو اے پی پی ہیڈکوارٹرز کے دورہ کے موقع پر قومی خبر رساں ادارے کو ایک خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہی۔سعودی سفیر نے کہا کہ رائل کورٹ کی جانب سے اس ضمن میں منظوری اور مالی معاونت کی فراہمی و تیل کیلئے مؤخر ادائیگی کی سہولت کے سلسلہ میں آئندہ چند روز میں ایم او یو پر دستخط ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی حکومت پاکستان کو انتہائی گہرے اور مضبوط تعلقات کا حامل ”ایک عزیز ملک” تصور کرتی ہے، سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور مختلف مواقع پر اس کی معاونت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ہمارے تعلقات کسی بھی برسر اقتدار حکومت سے قطع نظر استوار ہوتے ہیں، ہمارا تعلق پاکستانی پرچم سے ہے اور ہم اسے اپنا برادر ملک سمجھتے ہیں، پاکستان کا مستقبل نہایت تابناک ہے۔

 سعودی سفیر نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور وزیراعظم عمران خان کے درمیان قریبی دوستی کا بھی حوالہ دیا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ مستقبل میں یہ تعلقات مضبوط تر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ تین برسوں میں وزیراعظم عمران خان کے سعودی عرب کے 6 دورے ہمارے گہرے تعلقات کے عکاس ہیں۔

سعودی سفیر نے کہا کہ پاکستان کے عوام اپنے دل کی اتھاہ گہرائیوں سے سعودی عرب سے محبت اور خادمین حرمین شریفین کا بے حد احترام کرتے ہیں۔ دونوں ممالک کے میڈیا کے درمیان اشتراک کار کے امکان کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دونوں اقوام کو قریب لانے میں میڈیا کا بہت اہم کردار ہے۔