سی پیک دونوں ممالک کیلئے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے،وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کا تقریب سے خطاب

18

گلگت۔16نومبر  (اے پی پی):وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان خالد خورشید نے چائینز اووسیز کمیونٹی کی جانب سے چائینز سفارتخانے کے تعاون سے اشیائے  خوردونوش کی تقسیم کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  چائینز اووسیز کمیونٹی کے  کردار کوقابل تحسین قرار دیتے ہوئے چائینز سفیر کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان خالد خورشید نے کہاکہ چین  ہمارا ہمسایہ دوست ملک ہے۔ پاکستان کے ہمیشہ سے چین  کیساتھ دیرینہ تعلقات رہے ہیں۔ ہر مشکل اور آزمائش کی گھڑی میں چین  نے پاکستان کا ساتھ دے کر اپنی دوستی کا ثبوت دیا ہے۔ ہمارے لئے خوشی کا مقام ہے کہ ہم چین  کے ہمسایہ ہیں۔ گلگت  بلتستان میں مستقبل قریب میں چائینز حکومت کے تعاون سے بہت سے منصوبے متوقع ہیں۔ سی پیک دونوں ممالک کیلئے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے۔وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ  دسویں جے سی سی اجلاس میں گلگت  بلتستان کیلئے رائیکوٹ تا تھاکوٹ سیکشن کو منظور کیا گیا ہے۔ مستقبل میں پاور سیکٹر میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری ہوگی جس سے چین  اور ملک کے دیگر صوبوں کو کلین انرجی فراہم کی جاسکے گی۔ چینی  سفیر سے حالیہ ملاقات میں کئی منصوبوں پر بات ہوئی ہے جس میں گلگت  بلتستان سے پھلوں اور دیگر اشیاء کو چائنہ برآمد کرنے پر تفصیلی بات چیت ہوئی ہے۔ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی اور  بلتستان یونیورسٹی کا چائنہ کی بڑی یونیورسٹیز کیساتھ جوائنٹ ونچر کے حوالے سے بات کی گئی ہے۔گلگت  بلتستان کے طالب علموں کیلئے چائینز یونیورسٹیز میں اعلیٰ تعلیم کیلئے خصوصی سکالر سپ کے حوالے سے چائینز سفیر سے رابطہ کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان خالد خورشید نے چائینز سفارتخانے کے تعاون سے اشیائے  خوردونوش کی فراہمی کے اقدام کو سراہا۔