حکومت اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور نوجوانوں کے ذریعے ضروری وسائل مہیا کرنے کیلئے بھر پور عملی اقدامات بروئے کا رلا رہی ہے؛گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور

21

فیصل آباد، 17نومبر  (اے پی پی):گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ حکومت وزیر اعظم عمران خان کی قیاد ت میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور نوجوانوں کے ذریعے ضروری وسائل مہیا کرنے کیلئے بھر پور عملی اقدامات بروئے کا رلا رہی ہے لہٰذا تعلیم مکمل کرنیوالی فارغ التحصیل طالبات کو چاہیے کہ وہ عملی زندگی میں ملکی ترقی کیلئے تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔ و

ہ بدھ کو  جی سی ویمن یونیورسٹی فیصل آباد کے پہلے کانووکیشن کے موقع پر سال 2013سے سال 2018 تک کامیابی حاصل کرنیوالی بی ایس، ایم اے،ایم ایس سی اور ایم فل کی 4188 طالبات کو ڈگریاں،74طالبات کوگولڈ میڈل،92طالبات کوسلور میڈل اور65طالبات میں برونز میڈل تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پر وائس چانسلرزرعی یونیورسٹی فیصل آبادڈاکٹر رانا اقرار احمد خاں،ڈین آف فیکلٹیز،چیئر پرسن آف ڈیپارٹمنٹس،سابق وی سی جی سی یونیورسٹی ڈاکٹر ذاکر حسین،سول سوسائٹی کے نمائندگان،معزز والدین اور طالبات کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ وہ سب سے پہلے ان طالبات کو جنہوں نے گولڈ میڈل، سلور میڈل،کانسی کے تمغے اور آج ڈگریاں لی ہیں ان  کو مبارک باد پیش کرتے ہیں کیونکہ انہی کی وجہ سے ان کی یونیورسٹی نے دنیا کی ٹاپ 5یونیورسٹیز میں رینکنگ حاصل کی جوانکے فیکلٹی ممبرز اورسٹوڈنٹس کی محنت کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ نے اپنی شناخت کو نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں منوایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ گزشتہ روز یو ای ٹی یونیورسٹی میں تھے توانہوں نے سوچا کہ چونکہ لڑکوں کی یونیورسٹی ہے تو اس میں زیادہ گولڈ میڈل لڑکے ہی حاصل کریں گے لیکن جب کانووکیشن شروع ہوا تو معلوم ہوا کہ جس نے 6گولڈ میڈل حاصل کئے ہیں وہ ایک بیٹی ہے اورجس نے 5گولڈ میڈل لئے وہ بھی ہماری بیٹی تھی اسی طرح4گولڈ میڈل لینے والی بھی بچی ہی تھی۔انہوں نے کہا کہ یہ فخر کی بات ہے کہ ہماری بیٹیاں لڑکوں کے مقابلے میں بہتر پر فارم کر رہی ہیں۔

 گورنر پنجاب نے کہا کہ  گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی کے پہلے جلسہ تقریب تقسیم اسنادمیں شرکت ان کیلئے اعزاز کی بات ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ اس جلسہ کے کامیاب انعقاد پر جامعہ کی تمام انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں تمام طالبات اور ان کے والدین جن کو اپنے تعلیمی سفر کی کامیابی سے تکمیل پر آج مختلف شعبوں میں اسناد عطا کی گئی ہیں ان کوبھی مبارکباد پیش کرتا اور ان کے روشن مستقبل کیلئے دعا گو ہوں۔انہوں نے کہا کہ مجھے اس بات پر فخر ہے کہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد خواتین کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جب بھی انہیں کسی یونیورسٹی یا کالج میں بات کرنے کا موقع ملتا ہے تو وہ تین اہم باتیں کرتے ہیں ۔ سب سے پہلے اپنے والدین کی عزت کریں جنہوں نے اپنی آسائشوں کو پس پشت ڈال کر آپ کیلئے تعلیم و تربیت کا انتظام کیا،اسی طرح آپ اپنے اساتذہ کرام کی بھی عزت کریں کیونکہ اسی سے آپ زندگی کی تمام کامیابیوں کو حاصل کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ان کی کمپین کا حصہ ہے اور وہ ہر جگہ کہتے ہیں کہ خواتین کو وراثت میں ان کا حصہ ضرور ملنا چاہیے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ عام طور پر دیکھا گیا ہے کہ بہنیں ہمیشہ عدالتوں میں ایفی ڈیوٹ پیش کرتی ہیں کہ ان کی جائیداد کا حصہ ان کے بھائی کو دے دیا جائے لیکن آج تک انہوں نے کسی بھی بھائی کو نہیں دیکھا یا سنا کہ اس نے اپنا حصہ بہن کو دے دیا ہوحالانکہ بڑھاپے میں بیٹیاں بھی والدین کی خدمت کرتی ہیں اسلئے ہمیں چاہیے کہ بیٹیوں کو اہمیت دیں اور جائیداد میں ان کا حصہ انہیں ضرور دیں۔دوسری بات یہ کہ کبھی بھی وقت کو ضائع نہیں کرنا چاہیے بلکہ اس سے بھر پور فائدہ اٹھانا چاہیے کیونکہ وقت کا ضیاع کرنے والا کسی بھی میدان میں کامیاب نہیں ہوتانیزتیسری بات یہ کہ جب بھی آپ کسی بڑے عہدے پر پہنچ جائیں تو آپ اپنی روٹس کو نہ بھولیں کیونکہ اسی طرح آپ اپنے اللہ کو یاد رکھ سکتے ہیں۔

چوہدری محمد سرور نے بتایاکہ وہ ٹاٹوں پر بیٹھ کر درختوں کی چھاؤں میں پڑھے ہیں اور تعلیم حاصل کرنے کیلئے دھوپ میں 2کلو میٹر کا سفر کر کے جایا کرتے تھے لیکن وہ آج بھی اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں اور اپنی روٹس کو نہیں بھولے۔انہوں نے کہاکہ و ہ خیال کرتے ہیں کہ کبھی بھی ان کے فرائض میں کمی نہ رہ جائے مگر اللہ کا شکر ہے کہ اس نے انہیں برطانیہ کا پہلا مسلمان ممبر آف پارلیمنٹ بننے کا موقع دیا اوراللہ نے انہیں بزنس میں کامیابی دی۔انہوں نے کہا کہ اس کے بعد ہم نے چیریٹی کا کام شروع کیا تو اس میں بھی اللہ نے انہیں کامیابی سے نوازا اوراس وقت وہ 3ہسپتال اور 200واٹر فلٹریشن پلانٹس چلا رہے ہیں جو 2ملین لوگوں کو پینے کا صاف پانی مہیا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ غریب لوگوں اور انسانیت کی خدمت میں ان سے کوئی کمی نہ رہ جائے لہٰذااگر اللہ تعالیٰ نے آپ کو کوئی نعمت دی ہے تو اس سے انسانیت کی خدمت کریں۔انہوں نے کہا کہ تاریخ نے ہمیشہ ان لوگوں کا نام یاد رکھا ہے جنہوں نے انسانیت کی خدمت کی۔

چوہدری سرور نے کہا کہ سکندر اعظم جس نے آدھی دنیا فتح کی وہ بھی دنیا سے خالی ہاتھ گیااسلئے ہمیں چاہیے کہ اپنی زندگی کو انسانیت کیلئے وقف کردیں اس طرح آپ دنیا اور آخرت میں عزت اور کامیابی پا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عزیز طالبات کیلئے آج کا دن ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے کیونکہ ایک طرف آپ کا تعلیمی سفر کامیابی سے اختتام پذیر ہو رہا ہے تو وہیں مستقبل کیلئے عملی زندگی کی نئی شروعات بھی ہورہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ گورنمنٹ کالج وومن یونیورسٹی نے اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے مستقبل کے چیلنجز سے عہدہ برآ ہونے کیلئے جدید علوم سے آراستہ کیا ہے تاکہ آپ پاکستان کی اقتصادی و سماجی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ آپ کی تعلیمی کامیابیاں آپ سے تقاضا کرتی ہیں کہ آپ آگے بڑھ کر پاکستان کی باگ ڈور سنبھالیں اور وطن عزیز کی ترقی میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ نوجوان انسانی وسائل کے حوالے سے پاکستان دنیا کا 5واں بڑا ملک ہے اور وہ اس بات پر پختہ یقین رکھتے ہیں کہ قوموں کا مستقبل صرف مادی وسائل سے نہیں بلکہ مثبت فکر جدید علوم و فنون کے حصول سے وابستہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت وزیر اعظم عمران خان کی قیاد ت میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور نوجوانوں کے ذریعے ضروری وسائل مہیا کرنے کیلئے بھر پور عملی اقدامات بروئے کا رلا رہی ہے جبکہ ہماری نوجوان طالبات اپنی بے پناہ صلاحیتوں اور عزم کے بل بوتے پر ذاتی اور پیشہ وارانہ زندگی کے تمام شعبہ جات میں آگے بڑھنے کی بھر پو رصلاحیت رکھتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ گورنمنٹ کالج وومن یونیورسٹی فیصل آباد سے فارغ التحصیل ان تمام ضروری علوم و فنون سے بہرہ مند ہیں کہ جن کا حصول عملی زندگی میں کامیابی کی ضمانت ہے نیز انہیں یہ جان کر بے حد خوشی ہے کہ گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد نے نہائت ہی مختصر عرصہ میں تعلیمی،سائنسی او رتحقیقی میدان میں شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مختلف شعبہ جات اور مارکیٹ کی ضروریات کو سامنے رکھ کر ترتیب دیئے گئے پروگرام یونیورسٹی کی تعلیمی اور تحقیقی میدان میں مسلسل ترقی کے سفر کو ظاہر کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یو ایس ایشیا رینکنگ 2022 اور ٹائمز ہائر ایجوکیشن امپیکٹ رینکنگ یونیورسٹی2021 یونیورسٹی کی مسلسل کامیابیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

گورنر نے کہا کہ وہ یونیورسٹی کی ان کامیابیوں پر وائس چانسلرڈاکٹر روبینہ فاروق اور فیکلٹی کی تمام ممبران کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انہیں یہ جان کر خوشی ہے کہ گورنمنٹ کالج وومن یونیورسٹی فیصل آباد طالبات کی تعلیمی سرگرمیوں کو نکھارنے کیلئے نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں اور فنون لطیفہ سے متعلق پروگرام بھی باقاعدگی سے منعقد کرتی ہے تاہم وہ اس موقع پر یونیورسٹی قیادت اور انتظامیہ کی توجہ اس امر کی جانب مبذول کروانا چاہتے ہیں کہ موجودہ زمانے کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے ڈیجیٹل اکانومی کے شعبہ جات میں زیادہ سے زیادہ طالبات کو تعلیمی سہولتیں مہیا کریں تاکہ نوجوان طالبات اپنی تعلیم کے بعد پیشہ وارانہ زندگی کا آغاز کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ محترم اساتذہ، والدین اور طالبات گورنمنٹ کالج وومن یونیورسٹی فیصل آبا دکا اس پہلے کانووکیشن کے موقع پر جذبہ اس بات کی عکاسی کر رہا ہے کہ آپ ملک و قوم کی ترقی کیلئے پرجوش پر عزم اور ہر دم تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ ان کی آنے والی عملی زندگی کی کامیابی کیلئے خوش اور دعا گو ہیں۔انہوں نے کہا کہ زندگی میں کوئی چیز بھی ناممکن نہیں اسلئے اگر آپ کے پاس کوشش اور جذبہ و لگن ہے تو اللہ ضرور آپ کی مدد کرتا ہے  ۔انہوں نے کہاکہ 1997میں کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ کوئی مسلمان اور پاکستانی برطانوی رکن پارلیمنٹ بن سکتا ہے لیکن انہوں اور ان کے دوستوں نے تہیہ کیا کہ ہم نے اس جمود کو توڑنا ہے اور برطانیہ کی پارلیمنٹ میں جا کے یہ یہ اچیو کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ اینٹی مسلم فورسز یہ نہیں چاہتی تھیں کہ کوئی مسلمان پارلیمنٹ کا ممبر بنے اسلئے میڈیا نے بھی لکھنا شروع کر دیااورلوگ کہہ رہے تھے کہ برطانوی مسلمان پارلیمنٹ کے ممبر کیلئے تیار نہیں ہوں گے اورگورا کالے کو ووٹ نہیں دے گالیکن اللہ تعالیٰ کی مدد سے انہیں 1997میں برطانیہ کی تاریخ میں پہلا مسلمان رکن پارلیمنٹ بننے کا موقع ملا اورقرآن پاک پر حلف لینا اس سے بھی بڑے اعزاز کی بات تھی۔

گورنر  نے کہا کہ جب انہوں نے حلف لینا تھا تو قرآن پاک پر حلف لیا اور وہ قرآن پاک آج بھی برطانیہ کی پارلیمنٹ میں موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ بتانے کامقصد یہ ہے کہ آپ اپنے کلچر اور مذہب کو کبھی نہ بھولیں کیونکہ انہیں مسلمان اور پاکستانی ہونے پر فخر ہے اسلئے آپ کو کبھی بھی مسلمان اور پاکستانی ہونے پر شر مانا نہیں چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ایک سوسال پہلے برطانیہ اور مغربی دنیا میں خواتین کو ووٹ دینے کی اجازت نہیں تھی نہ خواتین کے نام زمین ہو سکتی تھی لیکن آج سے 14سو سال پہلے ہمارے نبی حضرت محمد ؐ نے خواتین کو یہ حق دیا لہٰذا ہمیں اپنے دین پر فخر ہونا چاہیے  ۔انہوں نے کہا کہ وہ اپنی تقریر کا اختتام قائد اعظم محمد علی جناح کے ان الفاظ پر کریں گے کہ دنیا میں دو طاقتیں ہیں ایک کی نمائندگی تلوار ہے اور دوسرے کی قلم اوردونوں کے مابین زبردست مقابلہ ہے۔

گورنر چوہدری محمد سرور نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح فرماتے تھے کہ دونوں سے مربوط ایک تیسری طاقت بھی ہے اور وہ عورت ہے۔انہوں نے کہاکہ ان کی اہلیہ نے الیکشن کمپین سمیت ہر کام میں ان کا بھر پور ساتھ دیاجبکہ2016میں جب وہ اپنی این جی او سرور فاؤنڈیشن چلا رہے تھے تو ان کی مصروفیت کے بعد ان کے تمام ہسپتال، سکول اور ویمن امپاور منٹ کے تمام کام ان کی اہلیہ نے سنبھال لئے تو انہوں نے محسوس کیا کہ ان کی اہلیہ نے ان تمام اداروں کو ان سے بھی 10گنا بہتر چلایااسلئے وہ سمجھتے ہیں کہ خواتین بہت قابل اور ٹیلنٹڈ ہیں۔

قبل ازیں وائس چانسلر جی سی وومن یونیورسٹی فیصل آباد ڈاکٹر روبینہ فاروق نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے یونیورسٹی کی اچیو منٹس پر تفصیلی روشنی ڈالی۔