اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سے جمہوریت مضبوط ہوئی ہے ؛گورنر پنجاب چودھری محمد سرور

57

لاہور، 20 نومبر(اے پی پی): گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سے جمہوریت مضبوط ہوئی ہے،اورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کی خوشی ہے۔

ان خیالات کا  اظہار  انہوں  نے  ہفتہ  کو  یہاں  اورسیز پاکستانیوں کے ہمراہ کیک کاٹتے ہوئے   کیا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی شک نہیں وزیر اعظم عمران خان جو کہتے ہیں کر کے دکھاتے ہیں۔انہوں  نے کہا  کہ عوام نے تحر یک انصاف کو پانچ سال حکومت کرنے کا مینڈ یٹ دیا ہے، تحریک انصاف کی حکومت ملک کو آگے جبکہ سیاسی مخالفین ملک کو پیچھے لیکر جانا چاہتے ہیں۔

گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ آئینی مدت پوری کرنا تحر یک انصاف کی حکومت کا آئینی اور جمہوری حق ہے، پاکستان کی معاشی ترقی اور استحکام میں اورسیز پاکستانیوں کا مثالی کردار ہے۔انہوں  نے کہا کہ  اورسیز پاکستانیوں کے مسائل کا حل حکومت کی اولین تر جیح ہے جس کو ہر حال میں یقینی بنائیں گے، پہلی بار پاکستان میں اداروں کی مضبوطی کے لیے حقیقی معنوں میں کام ہورہا ہے۔

چوہدری محمدسرور نے مزید کہا کہ پاکستان کو درپیش چیلنجزسے نمٹنے کیلئے تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو اپنا مثبت کردار اداکرناہوگا کیونکہ اسی طرح پاکستان مستحکم ہوگا اور ترقی کرے گا۔