پنجاب حکومت کے وژن کے مطابق ملتان ریجن پولیس عوام الناس کے مسائل کے حل کے لئے دن رات کوشاں ہے،آر پی او سید خرم علی

64

وہاڑی ، 24 نومبر (اے پی پی ): ریجنل پولیس آفیسر سید خرم علی نےکہا ہے کہ پنجاب حکومت اور  انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی کے وژن کے مطابق ملتان ریجن پولیس عوام الناس کے مسائل کے حل کے لئے دن رات کوشاں ہے، تاکہ لوگوں کی محکمہ پولیس سے متعلق شکایت اور ان کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کئے جائیں۔

یہ بات انہوں نے ڈسٹرکٹ  پولیس آفیسر وہاڑی کے دفتر میں کھلی کچہری میں خطاب کے دوران کی۔ اس موقع پر  ریجنل پولیس آفیسر نے لوگوں کے مسائل سنے اور موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔ انہوں نے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد لوگوں کی پولیس افسران تک رسائی کو یقینی بنانا ہے تا کہ ان کے دکھوں کا مداوا کیا جا سکے   تاہم میرے دفتر کے دروازے بھی ہر سا ئل کے لئے کھلے ہیں۔

ریجنل پولیس آفیسر سید خرم علی نے کہا کہ سائل صرف حقائق پر مبنی درخواست دیں تاکہ انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے، جھوٹی اور حقائق کے منافی درخواست دینے سے پولیس کے لئے مسائل پیدا ہوتے ہیں اور تفتیش کا صحیح رخ بھی متعین نہیں ہو سکتا اور وقت کا ضیاع بھی ہوتا ہے۔انہوں نے پولیس افسران کو بھی ہدایا ت جاری کیں کہ انصاف کی فراہمی میں رکاوٹ بننے والے افسران کی محکمہ پولیس  میں کوئی جگہ نہیں ہے، پولیس افسران بھی عوام کے سامنے جوابدہ ہیں۔

 ریجنل پولیس آفیسر سید خرم علی نے ڈی پی او آفس میں کرائم میٹنگ کی۔جس میں ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز نے بھی شرکت کی۔کرائم میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ریجنل پولیس آفیسر نے کہا کہ موسم کی تبدیلی کے ساتھ ساتھ کریمینل لوگوں کا طریقہ واردات بھی تبدیل ہو جاتا ہے اس لئے ضروری ہے کہ کرائم کی صورتحال اور موسمی حالات کو مد نظر رکھ کر لائحہ عمل تشکیل دیا جائے تاکہ یہ لوگ اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہ ہو سکیں۔ سردی کے موسم میں خاص طور پر مویشی چوری کی وارداتوں میں اضافہ ہو جاتا ہے اس لئے ٖضروری ہے کہ ان وارداتوں کو کنٹرول کرنے کے لئے حکمت عملی ترتیب دی جائے اور وہاڑی کے داخلی اور خارجی راستوں پر موئثر انداز میں چیکنگ کی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ اشتہاری مجرمان،منشیات فروشوں اور ہوائی فائرنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کریں تاکہ قیمتی جانوں کے ضیاع کو روکا جا سکے۔

 ریجنل پولیس آفیسر سید خرم علی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم سٹیزن پورٹل کی درخواستوں پر بالکل کوتاہی نہ برتی جائے اور لوگوں کو فوری انصاف فراہم کیا جائے تھانے اور پولیس دفاتر آنے والے سائلین کی داد رسی کریں۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر امیر عبداللہ نیازی، وہاڑی کے جملہ ایس ڈی پی اوز،ایس ایچ اوز سول سوسائٹی کے نمائندے،وکلاء حضرات اور عوام الناس کی کثیر تعداد کھلی کچہری میں شریک تھی ۔