کراچی،26نومبر (اے پی پی):چیف انفارمیشن کمشنر پاکستان انفارمیشن کمیشن محمد اعظم خان نے کہا ہے کہ ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کو یقینی بنانے کے لیے ہر شہری کے لیے ضروری ہے کہ وہ معلومات تک رسائی کے اپنے آئینی حق کو استعمال کرے۔
ایس ایم لا کالج میں جمعہ کو ”رائٹ ٹو انفارمیشن”کے عنوان سے آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام میں ان کے معلومات تک رسائی کے حق کے بارے میں شعور بیدار کرنا لازمی ہے تاکہ وہ اپنا حق استعمال کر سکیں جس سے پبلک سیکٹر کے اداروں کے ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنانے اور بدعنوانی کو روکنے میں مدد ملے گی۔
محمد اعظم خان نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 19-A کے تحت معلومات تک رسائی ہر شہری کا بنیادی حق ہے، کوئی بھی شہری پبلک سیکٹر کے کسی بھی ادارے سے آن لائن یا سادہ کاغذ پر معلومات تک رسائی کے لیے درخواست جمع کرا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آر ٹی آئی شفافیت کو یقینی بنانے اور خاص طور پر پبلک سیکٹر کے اداروں کی ترقیاتی اسکیموں میں خرابیوں کو ختم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
اس موقع پر انفارمیشن کمشنر فواد ملک اور پرنسپل ایس ایم لا کالج بھی موجود تھے۔ سیمینار میں کالج کے طلبا نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ سیمینار سے انفارمیشن کمشنر فواد ملک نے بھی خطاب کیا۔