عوام چوروں کے مقابلے میں حکومت کے ساتھ ہے؛ راجہ خرم نواز

23

اسلام آباد،27نومبر  (اے پی پی): قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین راجہ خرم نواز نے کہا ہے کہ عوام چوروں کے مقابلے میں حکومت کے ساتھ ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ڈبلیو ڈی انٹر چینج کے افتتاح کے موقع  پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین راجہ خرم نواز نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں پانی کے مسئلے پر بھی کام جاری ہے اور بہت جلد اسلام آباد میں پانی کامسئلہ بھی حل ہو جائے گا۔ اسلام آباد میں پانی کی کمی کو پورا کرنے کے لیے 100 نئے ٹیوب ویل لگ رہے ہیں جبکہ اسلام آباد کے لیے 100 ایم جی ڈی پانی کا منصوبہ 6 ماہ میں شروع ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ  یکساں نصاب تعلیم پی ٹی آئی کا بڑا کارنامہ ہے ،دسمبر تک صحت سہولت کارڈ دے دیئے جائیں گے۔ اپوزیشن کے پاس کوئی وژن نہیں ہے ،دو خاندانوں نے پاکستان کی معیشت کو بہت نقصان پہنچایا ہے۔ آئندہ سال مہنگائی پر قابو پا لیں گے۔ ہماری کامیاب پالیسیوں کی وجہ سے آج ملک ترقی کر رہا ہے۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین نے کہا کہ حلقہ این اے 52کی عوام نے ثابت کردیا کہ وہ پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ کھڑی ہے، آج عوام نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کر میرا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے تین سالوں کی طرح باقی دوسالوں میں بھی ترقیاتی کام عوامی امنگوں کے مطابق حل ہوں  گے ، حلقے کا ایک ایک کارکن میرا جگر گوشہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلی دفعہ اسلام آباد کے مقامی لوگوں کو 50فیصد ملازمت کا کوٹہ دلایا ہے، این اے 52سے قبضہ مافیا کا خاتمہ کرکے عوام کے حقوق کو تحفظ فراہم کیا گیا ہے۔

 راجہ خرم نواز نے کہا کہ عوام کے ساتھ جو 2018 میں وعدے کیے تھے انکی تکمیل کا سفر آئندہ دوسال تک جاری رہے گا ، اسلام آباد میں ہونے والے بلدیاتی الیکشن میں بھی مخالفین کو منہ کی کھانی پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے جو کہا وہ کردیکھایا عوام کو لولی پاپ دینے والوں کی اب کوئی جگہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ این اے 52میں اقتدار کے پہلے تین سالوں میں جو ترقیاتی کام ہوئے انکی مثال تاریخ میں نہیں ملتی، حلقہ این اے 52سے گزرے والے ریلوے لائن کی پھاٹک کے مسئلے کو حل کرتے ہوئے وہاں بھی پل بنائے جارہے ہیں۔