اسلامی تعلیمات، تصوف اور جدید سائنسی تحقیق پر مبنی القادر یونیورسٹی نوجوان نسل میں علم و تحقیق کے فروغ کے علاوہ ان کی کردار سازی میں اہم کردار ادا کرے گی، وزیر اعظم

51

اسلام آباد،01 دسمبر(اے پی پی): وزیر اعظم عمران خان نے  القادر یونیورسٹی کے اکیڈمک بلاکس کا افتتاح  کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی تعلیمات، تصوف اور جدید سائنسی تحقیق پر مبنی القادر یونیورسٹی نوجوان نسل میں علم و تحقیق کے فروغ کے علاوہ ان کی کردار سازی میں اہم کردار ادا کرے گی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بدقسمتی سے استعمار کی وجہ سے دنیا بھر میں مسلمان ذہنی غلامی کا شکار ہوئے،القادر یونیورسٹی میں تصوف اور روحانیت پر مبنی تعلیم دی جائے گی اوراسلامی تعلیمات کے ساتھ ساتھ جدید سائنسی علوم بھی پڑھائے جائیں گےاور کہا کہ  ان کا ہمیشہ سے مقصد پاکستان میں ایسے ادارے بنانا ہے جو اسلام کو اس کی حقیقی روح کے ساتھ نافذ کریں۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نےسماجی رابطے کی ویب سائٹ  ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ جہلم میں القادر یونیورسٹی کا قیام وزیراعظم عمران خان کا ایک اور تحفہ ہے اور کہا کہ ہمیں امید ہے کہ یہ یونیورسٹی ایک مشہور مقام بن جائے گی جو سائنس اور تصوف کے علمبردار پیدا کرے گی۔”

القادر یونیورسٹی جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں قائم کی گئی ہے، القادر ٹرسٹ کے تحت بنائی جانے والی ملک کی پہلی اسلامی یونیورسٹی ہے۔یہ یونیورسٹی عظیم صوفی بزرگ شیخ عبدالقادر جیلانی کے نام سے منسوب ہے۔ یہ یونیورسٹی اگلے سال مکمل ہو جائے گی، حضور اکرمﷺ کی زندگی اور تعلیمات کے ساتھ ساتھ تصوف پر تحقیق کو فروغ دے گی۔

وزیر اعظم عمران خان نے ملک  میں تعلیم کے فروغ کے لیے  القادر یونیورسٹی کا سنگ بنیاد اکتوبر 2019 کو رکھا تھا، ایک بلاک مکمل ہوگیا ہے جبکہ مزید 2بلاکس کی تعمیر جاری ہے۔اس جامعیہ میں ملک بھر سے 60سے زائد طلبا وطالبات نے داخلہ لے لیا ہے۔