مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر خطے میں امن قائم نہیں ہوسکتا؛صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودھری

39

سیالکوٹ،2دسمبر  (اے پی پی):صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے  کہا ہے کہ  شہداء جموں کی یادگار کا سنگ بنیاد رکھنےسیالکوٹ  آیا ہوں،6 نومبرکو ڈوگرا راج کے خلاف  لاکھوں کشمیری شہید ہوئے، جموں کے مہاجرین کی ایک بہت بڑی تعداد سیالکوٹ میں مقیم ہے۔مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر خطہ میں امن قائم نہیں ہوسکتا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے  کیا۔ صدر آزاد کشمیر  نے  کہا کہ  مسئلہ کشمیر کو موثرطریقے سے بین الاقوامی سطح پر اٹھانے جارہے ہیں۔پوری دنیا مودی کے خلاف ہے اور کشمیر کے ساتھ ہے۔انہوں نے کہا کہ  رائے عامہ کو کشمیر کے حق میں کرنے کیلئے یورپ اور امریکہ کے دورے کئے۔آزادی کشمیریوں کا بنیادی حق ہےجس سے  ان کو زیادہ دیر محروم نہیں رکھا جا سکتا۔ بھارت نے 5 اگست 2019 کو  کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کیا۔کشمیری پاکستان کا حصہ بننا چاہتے ہیں۔ظلم و زیادتی کے باوجود کشمیری آزادی کیلئے پر عزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ جارحانہ انداز سے مسئلہ کشمیر کو آگے بڑھانا ہے۔

صدر آزاد کشمیر  نے کہا کہ بھارت رواداری کی بات نہیں کرتا۔مقبوضہ کشمیر میں کشمیری 9 لاکھ فوج سے برسر پیکار ہیں۔ بھارت کے ساتھ مفاہمت اور بات چیت کے حق میں ہیں لیکن کشمیر کا مسئلہ اولین ایجنڈا ہے۔سفارتی سطح پر مقبوضہ کشمیر کی عوام کی تحریک آزادی کی حمایت حاصل کرنا ہوگی۔انہوں نےکہا کہ  عالمی میڈیا کی حمایت حاصل ہے، رائے عامہ کے بل بوتے پر  مغربی حکومتوں کو ساتھ ملانا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے کہا  کہ میں کشمیریوں کا سفیر ہوں۔

 صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے کہا کہ پہلا منتخب صدر ہوں جس نے پہلی مرتبہ جنرل اسمبلی میں کشمیریوں کی نمائندگی کی۔بھارت  اور پاکستان اٹیمی ریاستیں ہیں، انٹرنیشنل کمیونٹی نہیں چاہتی ایٹمی جنگ ہو۔مہذب دنیا مقبوضہ کشمیر کی مشکلات ادراک کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے ہوئے ہےگذشتہ تمام حکومتوں نے کشمیریوں کی حمایت جاری رکھی۔انہوں نے پاکستانی کمیونٹی سے اپیل کرتے ہوئے   کہا کہ زیادہ سے زیادہ متحرک ہوں ۔پوری دنیا میں موجود پاکستانیوں  کو چاہئے کہ   بھارت کا اصل چہرہ دنیا  کے سامنے بے نقاب کریں۔
قبل ازیں بیرسٹر سلطان محمود چودھری صدر آزاد جموں و کشمیر نے  جناح ہاؤس میں پی ٹی آئی ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت عمران خان کے وژن کے مطابق تبدیلی لائے گی۔انصاف کا نظام اور عام آدمی کے حالات بہتر بنائیں گے۔سمندر پارکشمیریوں  نے تحریک آزادی کو زندہ رکھا ہوا ہے اب ان کو کشمیر میں سرمایہ کاری کا موقع بھی دیں۔

بعد ازاں صدر آزاد کشمیر نے یادگار شہدا کا سنگ بنیاد رکھا۔  بیرسٹر سلطان محمود چودھری کی جناح ہاؤس آمد پر عمر ڈار نے ورکرز کے ہمراہ  ان کا والہانہ استقبال کیا۔اس موقع پر رہنما پاکستان تحریک انصاف عمر ڈار، وزراء ریاست آزاد و جموں کشمیر صاحبزادہ حامد رضا اور چودھری مقبول احمد،محمد اکمل چیمہ،بیرسٹر جمشید غیاث،دلاور بیگ اور سیکرٹری انفارمیشن میاں اعجاز بھی موجود تھے۔